Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک نے’ آئی ایس پی آر سے منسلک ’ متعدد اکاونٹ بند کر دئیے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے مبینہ طور پرپاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سے منسلک
صفحات ، گروپس اوراکاونٹس کو فیس بک کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پرمستقل طور پر بند کر دیا ہے۔تاہم پاکستانی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ 
پیر کوفیس بک کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے فیس بک اور انسٹاگرام سے ایسے پیجز اور اکاونٹس کو ہٹا دیا ہے جو پاکستانی سیاست، سیاسی رہنماوں، انڈین حکومت اور پاکستانی فوج کے متعلق معلومات پھیلاتے ہیں۔

فیس بک سائبر سیکیورٹی کے سربراہ نیتھانیل گلیچر نے کہا ہے کہ’آج ہم نے پاکستان سے آپریٹ کئے جانے والے فیس بک اور انسٹا گرام کے 103 پیجز، گروپس اوراکاونٹس کو مربوط طریقے سے غیر تصدیق شدہ رویوں میں ملوث پائے جانے کی بنا پر ہٹا دیا ہے۔‘
نیتھانیل کا کہنا تھا کہ’اگرچہ اس سرگرمی میں ملوث لوگوں نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی، لیکن ہماری تحقیق سے معلوم ہوا کہ وہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے منسلک تھے۔‘
فیس بک کے اس دعوے پر پاکستانی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ 
فیس بک نے اس نیٹ ورک سے متعلق 24 پیجز، 57 اکاونٹس اور 7 گروپس کو بند کیا ہے جن پر فالوورز کی تعداد 28 لاکھ تھی۔اس کے علاوہ انسٹا گرام کے 15 اکاونٹس بھی ہٹا دئیے گئے ۔

اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک کی فورینزک لیبارٹری کے تجزیے کے مطابق جن پیجز پر سوال اٹھایا جا رہا ہے وہ ’ آئی ایس پی آر کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوئے پاکستان کی شدت سے حمایت کرتے ہیں اور انڈیا پر تنقید کرتے ہیں۔ ‘
خیال رہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور اپنی پریس کانفرنسز میں اکثر’فیفتھ جنریشن وارفیئر‘کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری ایک غیر روایتی میدان جنگ کا حوالہ دیتے رہتے ہیں۔

شیئر: