پہلی سیاہ فام خاتون شکاگو کی میئر بن گئیں
56سالہ لاری لائٹ فٹ امریکی ریاست ایلینوائے میں شکاگو کی میئر بن گئیں۔ یہ اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں۔
سکائی نیوز عربک کے مطابق شکاگو آبادی کے لحاظ سے امریکہ کا تیسرا بڑا شہر مانا جاتا ہے۔ اسکا نمبر نیویارک اور لاس اینجلس کے بعد آتا ہے۔ لاری لائٹ فٹ کا مقابلہ72سالہ افریقی نژاد ٹونی بریک کوئنکول سے تھا۔
لائٹ فٹ شکاگو پولیس بورڈ آرگنائریشن کی چیئرپرسن رہ چکی ہیں۔ سیاسی سرگرمیوں سے انکا کوئی رشتہ ناتہ نہیں تھا، جہاں تک بریکونکول کا تعلق ہے تووہ 2عشرے تک شکاگوکونسل کی رکن رہ چکی ہیں اور تجربہ کار سیاستدانوں میں انکا شمار ہوتا ہے۔
امریکہ کی ایک ریسرچ آرگنائزیشن کا کہناہے کہ ا فریقی نژاد خواتین امریکہ کے 200بڑے شہروں میں سے 6کی بلدیاتی کونسلوںکی چیئرپرسن کے طور پر کام کررہی ہیں۔
لائٹ فٹ اور بریکونکول نے فروری 2019ء کے دوران ہونے والے انتخابات کے پہلے رائونڈ میں بھاری ووٹ حاصل کئے تھے۔ انتخابات میں 14امیدوار شامل تھے۔
لائٹ فٹ 20مئی کو حلف وفاداری اٹھائیں گی۔ ان سے شکاگو کے میئر رام ایمانول حلف لیں گے۔ وہ ستمبر میں ہی اعلان کرچکے تھے کہ آئندہ انتخاب نہیں لڑیں گے۔ لائٹ فٹ شکاگو کی تاریخ میں 56ویں میئر ہونگی۔