کرتار پور راہداری ،پاکستان نے ہند کی تجویز مان لی
اسلام آباد... پاکستان نے کرتار پور راہداری پر پاک ،ہند مذاکرات کی بحالی کے لئے ہند کی تجویز سے اتفاق کیا ہے ۔ نئی دہلی نے کرتاپور راہداری کے حوالے سے 16 اپریل کو تکنیکی ماہرین کے اجلاس کے انعقاد کی تجویز دی تھی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ پاکستان نے تعمیری رابطوں کے جذبے کے تحت 16 اپریل کو تکنیکی ماہرین کے اجلاس کی ہندوستانی تجویز سے اتفاق کیا۔
پاکستان بھی ہند کی طرف سے بھی مثبت رو ئیے کی توقع رکھتا ہے تاکہ بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر راہداری حقیقت کا روپ دھارے۔
واضح رہے کہ ہندنے پاکستان کے ساتھ کرتارپورا راہداری پر 2 اپریل کو ہونے والے مذاکرات ملتوی کر دیئے تھے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انڈیا نے گردوارہ دربار صاحب کے زائرین کی مدد کرنے کے لئے بنائی گی کمیٹی میں متنازع عناصر کی شمولیت پر پاکستان سے وضاحت مانگی ہے اور اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی وزیر طلاعات فواد چو ہدری نے دربار صاحب کے زائرین کی مدد کے لئے 10 رکنی کمیٹی کا ا علان کیا تھا۔ ہند کا الزام ہے کہ کمیٹی کے ایک ممبر گوپال سنگھ چاولہ خالصتانی رہنما ہیں۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ نئی دہلی نے اس رپورٹ پر کہ متنازع عناصر کرتار پور رہداری کے حوالے سے بننے والی کمیٹی کا حصہ ہیں، اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔ یہ بات بتا دی گئی ہے کہ کرتارپور کے حوالے سے آئندہ مذاکرات پاکستان کا جواب آنے کے بعد مناسب وقت پر رکھے جائیں گے۔
پاکستان نے طے شدہ مذاکرات کے ’یک طرفہ‘ التوا پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ کرتارپور راہداری کے حوالے سے پاک، انڈیا مذاکرات کا پہلا دور مارچ کے وسط میں اٹاری بارڈر پر ہوا تھا۔