بالی وڈ میں کرن جوہر کی نئی فلم کے آئٹم نمبر کے چرچے
***شگفتہ فردوس***
بالی وڈ میں نئی فلموں کے ٹریلر دیکھنے کے بعد شائقین ان کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں، ایک طرف کرن جوہر کی نئی فلم کے آئٹم نمبر کے چرچے ہیں تو دوسری طرف سٹوڈنٹ آف دی ایئر کا سیکیوئل بھی تیار ہوچکا ہے۔
اپنے معصومانہ انداز سے لوگوں کے دل موہ لینے والے شاہد کپور اپنی نئی فلم میں ایک الگ ہی انداز میں نظر آئیں گے، فلمی دنیا کے علاوہ ٹی وی شوز میں بھی جلد ہی لوگوں کو بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا کیونکہ نیہا دھوپیا کے مقبول شو کی شوٹنگ شروع ہوچکی ہے، اس میں کون سے نئے چہرے شامل ہوں گے یہ جاننے سے پہلے ہم بات کریں گے کرن جوہر کی فلم کلنک کی جس کی آج کل کافی دھوم مچی ہوئی ہے۔
کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ سنجے دت،عالیہ بھٹ، ورون دھاون، آدتیہ رائے کپور، سوناکشی سنہا، مادھوری دکشت شامل ہیں۔عالیہ بھٹ فلم کی پروموشن میں آگے آگے ہیں اور فلم میں شامل گانے ’گھر مورے پر دیسیا‘ پر ڈانس کرکے اپنے مداحوں کو متوجہ کررہی ہیں۔ فلم کاآئٹم نمبر بھی ریلیز ہوچکا ہے جس میں کریتی سینن ورون اور آدتیہ کے ساتھ ٹھمکے لگاتی نظرآرہی ہیں۔
فلم انڈسٹری کے بڑے ستاروں سے سجی اس فلم میں شائقین کو کچھ نیا دیکھنے کو ملے نہ ملے لیکن اس بار شاہد کپور کے مداح انہیں نئے انداز میں ضرور دیکھ سکیں گے۔
شاہد کپور جنہیں ان کے معصومانہ انداز کی وجہ سے خاصا پسند کیاجاتا ہے اپنی نئی فلم کبیر سنگھ میں ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ کا کردارادا کر رہے ہیں۔شائقین فلم میں شاہدکپورکو ایک شرابی اور انتہائی غصیلے نوجوان کے روپ میں دیکھیں گے۔ فلم کا ٹریلرجاری ہونے کے بعدان کے مداح انہیں اس نئے اندازمیں دیکھنے
کاانتظار کررہے ہیں۔ شاہدکپور کو فلم کبیر سنگھ سے کافی امیدیں ہیں۔ یہ فلم بکس آفس پر کمال دیکھا پاتی ہے یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا۔
لیکن یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ بالی وڈ پر ایک عرصے تک راج کرنے والی فلم سٹوڈنٹ آف دی ایئر کا سیکوئل بھی تیار ہوچکا ہے۔ فلم کا ٹریلر کرن جو ہر نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ اس فلم میں ٹائیگر شراف کے ساتھ تارا ستارااور انایا پانڈے بھی نظر آئیں گی جو اس فلم سے اپنے فلمی کرئیر کی شروعات کر نے جا رہی ہیں۔آپ کو یہ بھی بتا دیں کی انایا پانڈیاپنے وقت کے مشہور کامیڈین چنکی پانڈے کی بیٹی ہیں۔ فلم کے ٹریلر میں تینوں ہی اسٹارز اپنے اپنے انداز میں نظر آرہے ہیں۔
فلمی دنیا میں جہاں شائقین کو تفریح کے لیے بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا وہیں ٹی وی شوز کے شوقین افراد کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ نیہا دھوپیا کے مقبول شو بی ایف ایف کی شوٹنگ شروع ہوچکی ہے جس میں اشان کٹر اور راج کمار راؤ نظر آئیں گے۔ اس شو سے جڑی کچھ تصویریں شوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔جس میں اشان اور راج کمار راؤ ہلّہ گلہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ شائقین یہ شو 27 اپریل کو اپنی ٹی وی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔