Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: الزلفی میں محکمہ خفیہ کے دفتر پر حملہ ناکام، چار حملہ آور ہلاک

سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کو صبح نو بجکر49 منٹ پر الزلفی میں واقع محکمہ خفیہ کے دفتر پر دہشت گردانہ حملے کی کوشش کی گئی جسے سکیورٹی فورس نے ناکام بنادیا۔
حملہ آوروں نے ر یاض کے شمال سے 250کلومیٹر کے فاصلے پر واقعہ زلفی شہر کے محکمہ خفیہ پر ناکام حملے کے دوران اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا۔ سکیورٹی فورس کو اس پر جوابی کارروائی کرنی پڑی جس کے نتیجے میں تمام حملہ آور ہلاک کردیے گئے۔ 
ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کی تعداد چار بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورس کے تین افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے انہیں مناسب طبی امداد دی جارہی ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی تاہم تفتیشی اداروں نے کام شروع کردیا ہے اور بہت جلد ان کی شناخت کرلی جائے گی نیز ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا شمار کرلیا جائے گا۔
تفتیشی اداروں کا کام مکمل ہوتے ہی تفصیلی اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ 
 حملہ آوروں کے قبضے سے متعدد پستولوں کے علاوہ کلاشنکوف اور دھماکہ خیز مواد ضبط کرلیا گیا۔
اس سلسلے میں انٹرنیٹ پر کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں تا ہم آزاد ذرائع سے ان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ 
ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہیں کہ ایک گاڑی کو ایک ناکے کے قریب دکھایا گیا ہے جس کے دونوں دروازے کھلے ہیں جبکہ قریب ہی زمین پر خون میں لت پت دو لاشیں پڑی ہیں۔ ویڈیو میں گولیاں چلنے کی بھی آوازیں آرہی ہیں۔
العریبیہ  ٹی وی نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کے پاس مشین گنیں، بم اور آگ لگانے والی بوتلیں مولوتوف کاکٹیل تھیں۔
اس حملے کی ذمہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کی ہے۔ 
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کئی سالوں تک شدت پسندوں نے سکیورٹی تنصیبات کو  نشانہ بنایا ہے۔
گذشتہ سال سعودی عرب کے علاقے بریدہ میں ایک چوکی پر حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک بنگلہ دیشی مارے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے مغربی شہر طائف میں ایک حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار مارا گیا تھا۔

شیئر: