Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مدد لے سکتے ہیں'، سری لنکن وزیراعظم

سری لنکا کے وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ایسڑ کے موقعے پر سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے ان کی حکومت ضرورت پڑنے پر پاکستان سے مدد لے سکتی ہے۔

سری لنکن وزیراعظم نے انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی سری لنکا سے دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون فراہم کر چکا ہے۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ملک میں پیش آنے والے اس المناک حادثے کو مختلف ممالک کے درمیان موجود باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے اور تعاون میں اضافے کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔'
سری لنکن وزیراعظم نے بتایا کہ ملک کے سیکورٹی ادارے ایسڑ کے موقعے پر ہونے والے حملوں میں کسی غیر ملکی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن انہیں اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن کی بنیاد پر کسی خاص ملک کو دھماکوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکے۔
خیال رہے کہ اتوار کو دہشت گردوں نے سری لنکا میں ایسڑ کی تقریبات میں شامل مسیحی شہریوں اور غیر ملکیوں کو آٹھ مختلف جگہوں پر نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں اڑھائی سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: