ملٹی نیشنل کمپنی پیپسی کولا نے لیز نامی چپس کی تیاری میں استعمال ہونے والی آلو کی ایک خاص قسم کی فصل اگانے پر چار انڈین کسانوں پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر ایک ایک کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والے انڈین کسانوں نے اس کی رجسڑڈ شدہ آلو کی نسل ایف سی 5 اگا کر کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی ہے۔
خیال رہے کہ آلو کی ایف سی 5 نسل میں نمی کی مقدار کم ہونے کی وجہ سے یہ نسل خاص طور پر چپس بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انڈین گجرات میں کسانوں کی بڑی تعداد ملک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سبزی آلو کی کاشت کرتی ہے۔
پیپسی کولا نے کسانوں کے خلاف یہ مقدمہ رواں ماہ کے آغاز میں گجرات کی ایک مقامی عدالت میں دائر کیا تھا۔
مقدمے میں نامزد ایک مقامی کسان بیپن پاٹیل نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ایک لمبے عرصے سے آلو کاشت کر رہے ہیں مگر ہمیں کبھی بھی ایسے مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ہم ہر سال اپنی فصل سے بیج بچا کر اگلے سیزن میں اگانے کے لیے محفوظ کرتے ہیں۔'
پٹیل نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ پییسی کولا کی رجسٹرڈ شُدہ ورائٹی کا اُسے کیسے پتا چلا۔
مقدمے میں نامزد کسانوں کے وکیل آنند یاگنک نے بتایا کہ گجرات کے کاروباری مرکز احمد آباد کی ایک عدالت اس کیس کی سماعت 12 جون کو کرے گی۔
دوسری طرف انڈیا میں پیپسی کولا کے ترجمان نے تصدیق کی کہ 'ہم نے کسانوں کی جانب سے پییپسی کولا کی رجسٹرڈ شُدہ قسم اُگانے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت سے رجوع کرنے کا مقصد اپنے اور ان کسانوں کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے جو کمپنی کے لیے آلو کی رجسڑڈ شدہ نسل کو اگا کر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پیسی کولا نے سنہ 1989 میں انڈیا میں چپس کا پلانٹ لگایا تھا۔ اس کے بعد سے یہ آلو کی ایف سی 5 نسل کا بیچ کسانوں کے ایک گروہ کو دیتی ہے جو اپنی فصل کمپنی کو طے شدہ قیمت میں فروخت کرتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس مقدمے میں نامزد چار کسان بھی کسانوں کے مذکورہ گروپ کا حصہ بنتے ہوئے اپنی فصل پیپسی کولا کو فروخت کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے تو پھر انہیں آلو کی کوئی دوسری قسم اگانا ہوگی۔
ادھر کسانوں کی تنظیم آل انڈیا کسان سبھا نے شہریوں سے پیپسی کولا کی تیار کردہ لیز چپس اور دیگر مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ پیپسی کولا کا شمار دنیا کی بڑی مشروب اور فوڈ چین کمپنیوں میں ہوتا ہے، اس کی چپس اور دیگر مصنوعات انڈیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔