Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی ووڈ ستاروں کی ووٹنگ اور شاہد کپور کے بیٹے کی مستیاں

انڈیا میں لوک سبھا کے الیکشن کے چوتھے مرحلے کے لیے پیر کے روز پولنگ ہوئی جس میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ ستاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
قریباً سبھی ستاروں نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا اور ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کے روبرو عام شہریوں سے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی۔ 
بگ بی یعنی امیتابھ بچن، اپنی بیوی جیا بچن، بیٹے ابھیشک بچن اور بہو ایشوریہ رائے کے ساتھ پولنگ بوتھ پر نظر  آئے۔ اسی طرح شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون، سلمان خان، رنویر سنگھ، پریانکا چوپڑا، کنگنا رناوت، ورون دھون، رنبیر کپور،مادھوری ڈکشٹ، ملائکہ اروڑہ، اجے دیوگن، کاجل، کرینہ کپور، ارمیلا،کرن جوہر، اکشے کمار، روینہ ٹنڈن، سنیل شیٹی، دھرمیندر، ہیما مالنی، ریکھا اور اپنی کامیڈی کے ذریعے ہنسانے والے کپل شرما بھی ووٹ ڈالنے پہنچے۔ 

دوسری بڑی خبر یہ ہے کہ ایوشمان کھرانہ اور بھومی پیڈنیکر کی جوڑی پھر سے ایک ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آئے گی۔
بھومی اور ایوشمان ’بالا‘ نامی فلم میں ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یہ فلم حقیقت پر مبنی ہے جہاں بھومی گاؤں کی ایک بدصورت لڑکی کا کردار ادا کریں گی تو وہی ایوشمان بغیر بالوں والے نوجوان کا کردار نبھائیں گے۔

اس فلم کو ’استری‘ جیسی ہٹ فلم دینے والے ڈائریکٹر امر کوشک ڈائریکٹ کریں گے اور اس فلم کے لیے ان کی پہلی پسند بھومی اور ایوشمان کھرانہ ہی تھے جنہیں فلم کے لیے سائن بھی کر لیا گیا ہے۔

ایک خبر یہ بھی ہے کہ چونکہ 'استری' فلم کو عوام نے بے حد پسند کیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا سیکوئل بنانے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ 

سوشل میڈیا پر ہمیشہ موضوع بحث رہنے والی ٹوئنکل کھنہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بہت ہی خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔تصویر میں وہ اپنے والد راجیش کھنہ کی گود میں بیٹھی ہیں اور ساتھ ہی ان کی ماں ڈمپل کپاڈیہ بھی موجود ہیں۔
یہ تصویر ہسپتال میں اس وقت لی گئی تھی جب ٹوئنکل کی پیدائش کے بعد ان کے والد راجیش کھنہ ان کو گود میں لے کر پیار کر رہے تھے۔

ٹوئنکل کھنہ کے علاوہ شاہد کپور نے بھی اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ مستی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ شاہد کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام میشا ہے۔
شاہد اکثر اپنے بچوں کی ساتھ مستی کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ اس کام میں ان کی بیوی میرا کپور بھی پیچھے نہیں رہتیں۔ وہ بھی اکثر اپنے بچوں کے ساتھ نظر آتی ہیں۔ 
ان دنوں بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور بیرون ملک اپنی شادی کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بپاشا باسو اور کرن سنگھ ایک ریسٹورنٹ میں کیک کاٹتے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے اپنی شادی کی سالگرہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ 
دوسری طرف دو بڑے بجٹ کی فلموں’سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو‘ اور ’بھارت‘کے نئے گانے ریلیز ہو گئے ہیں۔
سٹوڈنٹ آف دی ائیر ٹو کا گانا ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جو کہ پرانا گانا ہے کا ریمیک بنایا گیا ہے۔ یہ گانا نوجوانوں کو کافی لطف اندوز کر رہا ہے۔ دوسری طرف بھارت فلم کا ’سلو موشن میں‘ گانا بھی دھوم مچا رہا ہے۔ اس کے بعد بھارت فلم کا دوسرا گانا 'چاشنی' بھی ریلیز ہو گیا ہے جس کو سوشل میڈیا پر سلمان خان اور کترینہ کیف نے شیئر کیا ہے۔

اسی کے ساتھ ’سٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کا ’ہک اپ‘ گانا بھی ریلیز کے بعد کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
دونوں ہی فلمیں ایک دوسرے کو گانوں کے ذریعے ٹکر دے رہی ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ فلمیں کمائی کے معاملے میں ریکارڈ توڑ پاتی ہے یا نہیں۔ 
 

شیئر: