900 ملین ڈالر کا چاند پر لکھا گیا مینوئل
خلاباز نیل آرم سٹرانگ اور بزآلڈرین کی جانب سے چاند پر جانے کے لیے استعمال کیا گیا ہدایاتی مینوئل اس سال جولائی میں نیلام کے لیے پیش کیا جائے گی۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق 44 صفحات پر مشتمل خلائی جہاز اپولو11 سے متعلقہ ہدایاتی مینوئل میں چاند پر جانے سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔
ہدایاتی مینوئل میں بتایا گیا ہے کہ خلاباز نیل آرم سٹرانگ اور آلڈرین چاند پرکیسے اتریں گے اور کیسے خلائی جہاز اپولوایگل کو اس کے کولمبیا میں موجود کمانڈ ماڈیول سے منسلک کریں گے۔

نیویارک کے آکشن ہاؤس کرسٹی کے مطابق چاند پر سب سے پہلے قدم رکھنے والے انسانوں کی جانب سے استعمال کیے گئے مینوئل کی نیلامی 9 سو ملین ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
آکشن ہاؤس کرسٹی کے بک اینڈ مینوسکرپٹس سیکشن کی ہیڈ کرسٹینا گیگر کا کہنا ہے کہ اس مینوئل میں 'اپولو 11 ایگل فلائیٹ' سے متعلق تمام ہدایات ترتیب واردرج ہیں۔
’ہیلمٹ پہننے سے لے کر سسٹم چیک کرنے تک تمام ہدایات موجود میں۔‘
اس مینوئل کو خلا باز نیل آرم سٹرانگ اور ان کے ساتھی خلائی پائلٹ آلڈرین ایگل فلائیٹ میں ساتھ لے کر گئے تھے۔
اس کتاب میں تکنیکی ڈیٹا کے علاوہ تقریباً 150 ڈرائینگز، اور تشریحات بھی شامل ہیں جنہیں نیل آرم سٹرانگ اور آلڈرین نے لکھے تھے۔

چونکہ 'اپولو 11 ایگل' کے کاک پٹ میں ہونے والے واقعات کی کوئی آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگ نہیں ہے اس لیے اس مینوئل کو خلائی تاریخ کی ایک اہم شہادت تصور کیا جاتا ہے۔
یہ مینوئل کسی بھی انسان کی جانب سے دوسرے سیارے پرلکھی گئی پہلی تحریر ہے۔
کرسٹی آکشن ہائوس کے مطابق اس مینوئل کو ایک 'پرائیویٹ کلکٹر' نیلام کر رہا ہے جس نے اسے نیل آرم سٹرانگ کے ساتھی بزآلڈرین سے خریدا تھا۔
کلیکٹرز خلائی دریافت کے حوالے سے اشیا بڑی رقم دے کر خریدتے ہیں۔
اس سے قبل 2017 میں آکشن ہاؤس ’سوتھ بے‘ نے نیل آرم سٹرانگ کے زیر استعمال زپ والا بیگ 1.8 ملین ڈالر میں فروخت کیا تھا۔
کرسٹینا گیگر کا کہنا ہے کہ ' ہر کوئی خلا یا چاند پر لے جائی گئی چیز کا مالک بننا چاہتا ہے، تاکہ اسے چاند کی طرف دیکھ کر یہ احساس ہو کہ اس کی پاکٹ میں ایک ایسی چیز ہے جو کہ کبھی چاند تک پہنچی تھیں۔‘

کرسٹی آکشن ہائوس نے اس مینوئل کی نیلامی کا تخمینہ سات سے نوسو ملین ڈالر لگایا ہے۔
اس مینوئل کی عوامی نمائش نیویارک میں تین مئی سے 17مئی تک ہو رہی ہے جس کے بعد اسے عالمی ٹور پرلیا جایا جائے گا۔ 18جولائی کو چاند کے پہلے سفر کے مینوئل کی نیلامی ہوگی۔