ایشئن فٹ بال کنفڈریشن کپ میں پہلی مرتبہ خواتین ریفریز
اے ایف سی میچ سپروائز کرنے والی پہلی خواتین ریفریز
ایشئین فٹ بال کنفڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ پہلی مرتبہ خواتین ریفریوں کا پینل اے ایف سی کپ کے مردوں کے مقابلے میں ریفری کے فرائض سر انجام دے گا۔
جاپانی ریفری یوشیمی یاماشیتا اوران کی اسسٹنٹ ماکوتو اورنومی تیشروگی میانمار کے کلب ینگون یونائیٹڈ اورکمبوڈیا کے ناگا ورلڈ کے درمیان بدھ کے دن ہونے والے اے ایف سی کپ کے میچ میں ریفری کے فرائض سرانجام دیں گی۔
اے ایف سی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ خواتین ریفریز کا پورا پینل اے ایف سی کلب مقابلوں کا میچ سپروائز کرے گا۔
اے ایف سی کپ ایشیائی کلب فٹ بال کے دوسرے درجے کے کلبوں کا مقابلہ ہے۔ پہلے اے ایف سی کلب میچوں کے مقابلوں میں خواتین صرف اسسٹنٹ ریفری کے طور پر فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔
آسٹریلیا کی سارہ ہو اور ایلی سون فلائن پہلی خواتین اسسٹنٹ ریفریز تھیں، جنہوں نے اے ایف سی کپ میچوں میں 2014 میں بطور اسسٹنٹ ریفری خدمات انجام دے دی تھی۔
یوشیمی یاماشیتا کا کہنا ہے کہ ’یہ میرے خوابوں میں سے ایک تھا۔‘ یوشیمی یاماشیتا 2016 اور 2018 کے انڈر19 وومن ورلڈ کپ اور 2018 کے ایشئن کپ کے مقابلوں میں ریفری کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے بڑی محنت کی اور یہ اس کا نتیجہ ہے۔‘
اسسٹنٹ ریفری تیشروگی کا کہنا ہے کہ ان کی نامزدگی ایشیا میں خواتین ریفریز کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ اس سال جون میں ہونے والے فیفا ویمن ورلڈ کپ میں ان کے کام آئے گا، جہاں یہ تینوں ریفریز اے ایف سی کی جانب سے اعلان کردہ 12 آفیشلز میں شامل ہیں۔