انڈین انتخابات: کئی بالی وڈ فنکاروں اور کرکٹرز نے بھی میدان مار لیا
انڈین انتخابات: کئی بالی وڈ فنکاروں اور کرکٹرز نے بھی میدان مار لیا
جمعرات 23 مئی 2019 3:00
ہیما مالنی اترپردیش کے شہر متھورا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئیں ۔ تصویر اے ایف پی
بھارت کے سات مراحل میں منعقد ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان انتخابات میں شوبز سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے بھی حصہ لیا جن میں سے زیادہ تر نے کامیابی حاصل کر لی ہے یا انہیں مخالف امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔
لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے سات مراحل میں ہونے والے انتخابات میں شوبز، کھیلوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے حصہ لیا۔
راج ببر
بالی وڈ کے سینیئر اداکار راج ببر بھارتی شہر فتح پورسکری سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، وہ کافی عرصے سے بھرپور انتخابی مہم بھی چلا رہے تھے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ان کو اپنے مخالف امیدوار پرواضح برتری حاصل ہے۔
تاہم اب تک حتمی نتیجے کا اعلان نہیں ہوا، مبصرین کا خیال ہے کہ راج ببر یہ نشست آسانی سے جیت جائیں گے۔
کرن کھیر
بالی وڈ اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ کرن کھیر بھی سینیئر اداکارہ ہیں اور کافی عرصہ سے شوبز سے وابستہ ہیں، انہوں نے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا۔ آخری اطلاعات آنے تک وہ حریف امیدوار سے کافی آگے تھیں اور ان کی کامیابی کے زیادہ امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
سمرتی ایرانی
سابق بھارتی ٹی وی اداکارہ اور سیاسی رہنما سمرتی ایرانی ایک مرتبہ پھر بی جے پی کے ٹکٹ پر ضلع امیٹھی سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، اس وقت بھارتی میڈیا پر یہ خبر چل رہی ہے کہ انہیں اپنے سیاسی حریف پر برتری حاصل ہے ۔
ارمیلا متونڈکر
فلم رنگیلا سے شہرت حاصل کرنے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ ارمیلا متونڈکر نے بھی اس بار انڈین نیشنل کانگرس کے ٹکٹ پر شمالی ممبئی سے الیکشن میں حصہ لیا۔ ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے حتمی خبر سامنے آ گئی ہے کہ انہوں نے بھارتی جنتا پارٹی کے مخالف امیدوار کو شکست دے کر لوک سبھا کی نشست جیت لی ہے۔
شتروگن سنہا
ماضی کے معروف ہیرو اداکار شترو گن سنہا نے بھی لوک سبھا انتخابات میں میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر ضلع پٹنہ صاحب سے انتخابات میں حصہ لیا، وہ کافی عرصہ سے سیاسی میدان میں ہیں اور پہلے بھی انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
ہیما مالنی
ماضی میں بالی وڈ کی ڈریم گرل رہنے والی اداکارہ ہیما مالنی نے بھی میدان مار لیا ہے، انہوں نے اترپردیش کے شہر متھورا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیا اور اپنے حریفوں کو چِت کرنے میں کامیاب رہیں۔
سنی دیول
معروف اداکار سنی دیول نے بھی بی جے پی کے ٹکٹ پرانتخابات میں حصہ لیا۔ ان کے حوالے سے اس وقت تک ہونے والی گنتی کے مطابق ان کی پوزیشن کافی مستحکم ہے اور امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ نشست جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
علاوہ ازیں سابق بھارتی کرکٹ گوتم گمبھیرنے بھی بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق انہیں اپنے حریفوں پر سبقت حاصل ہے۔