Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاشی طاقت اور ترقی کا محور مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے:عمران خان

عمران خان نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے چین ایک مثال ہے۔ (فائل فوٹو)
 
وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اوپن فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ملٹی پولر آرڈر کی طرف بڑھ رہی ہے اورمعاشی طاقت اور ترقی کا محور مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام رکن ممالک نے متفقہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
 وزیراعظم پاکستان عمران خان نے رکن ممالک کے درمیان تعاون کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے تنظیم کو فریم ورک بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے ہر سال اربوں ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کو اقدامات کرنا ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم فنڈ اور ترقیاتی بینک کے قیام کی بھی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک علاقائی ترقی کے لیے مقامی کرنسی میں تجارت کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی ہے، اس جنگ میں ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
 

شیئر: