غزہ پٹی میں سردی کی شدت سے تین نومولود ہلاک
جمعرات 26 دسمبر 2024 20:55
ہسپتالوں میں ادویات ہیں نہ بجلی، غذا کی بھی شدید قلت ہے( فوٹو، ایکس)
فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں شدید سردی سےٹھٹھر کر تین نومولود ہلاک ہو گئے۔ تینوں ہلاکتیں گزشتہ 48 گھنٹوں میں سردی کی لہر میں غیرمعمولی اضافے کی وجہ سے ہوئیں ۔
سبق نیوز کے مطابق فلسطینی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ غزہ پٹی میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ وہاں نہ بجلی ہے اور نہ ہی مناسب مقدار میں خوراک و ادویات ۔
غذا اور ادویات کی قلت کی وجہ سے بچے بڑی تیزی سے امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال میں بچوں کے وارڈ کےسربراہ کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز سردی کی شدید لہر کی وجہ سےتین نومولود ہلاک ہوگئے۔
بچوں کو سردی سے بچانے کےلیے کسی قسم کے مناسب انتظامات نہیں جبکہ ادویات کا بھی شدید فقدان ہے علاوہ ازیں ایندھن نہ ہونے کے سبب ہسپتالوں میں جینریٹرز بھی چلانا ممکن نہیں ہوتا جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے جو بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔