عالمی ادارہ صحت کے سربراہ صنعا ایئرپورٹ میں اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے
جمعرات 26 دسمبر 2024 22:06
ٹیڈروز ایڈہانوم نے کہا کہ ایئرپورٹ پر حملے میں انفراسٹرکچر کو بہت نقصان ہوا لیکن وہ محفوظ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا کہ وہ اسرائیل کے یمن کے دارالحکومت صنعا کے ایئر پورٹ پر حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو اسرائیل کے صنعا ایئرپورٹ پر حملوں کے دوران عالمی ادارہ صحت کے سربراہ وہان موجود تھے جو کہ بال بال بچ گئے۔
جمعرات کو اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے ہوائی اڈے، مغربی ساحلی پٹی پر تین بندرگاہوں کے ساتھ حوثی گروپ سے جڑے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔
ٹیڈروز ایڈہانوم نے کہا کہ ایئرپورٹ پر حملے میں انفراسٹرکچر کو بہت نقصان ہوا لیکن وہ محفوظ رہے۔
ایکس پر اپنے پوسٹ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے لکھا کہ ’ہمارے جہاز کے عملے کا ایک فرد زخمی ہوا۔ ایئرپورٹ میں موجود دو افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ایئرپورٹ پر موجود اقوام متحدہ کا دیگر عملہ بھی محفوظ رہا لیکن ان کی روانگی ہوائی اڈے کی مرمت مکمل ہونے تک موخر کی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ یمن میں اقوام متحدہ کے گرفتار کیے گئے عملے کی رہائی اور وہاں کی انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موجود تھے۔
’ہمارا آج کا مشن مکمل ہوا اور ہم یرغمالیوں کی فوری رہائی کے لیے زور دیتے رہیں گے۔‘
جہاز پر سوار ہوتے وقت ٹیڈروز ایڈہانوم نے کہا کہ ایئرپورٹ پر فضائی حملہ ہوا۔
’ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور، ڈیپارچر لاؤنج جہاں ہم چند میٹر کے فاصلے پر تھے، اور رن وے کو اس حملے میں نقصان پہنچا۔‘
حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل پر ہونے والے تازہ ترین حملوں کے بعد اسرائیل نے جمعرات یمن میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جن میں صنعا کا ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔