’ٹیم پر اعتماد ہے لیکن کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا‘
پی سی بی کے اجلاس میں قومی ٹیم پر مکمل اعتماد اورٹیم کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی زیرصدارت لاہور میں گورننگ بورڈ کے 54ویں اجلاس کے دوران قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں پرفارمنس، ٹیم اسٹرکچراور فرسٹ کلاس کرکٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اجلاس کے دوران پی سی بی نے قومی ٹیم پر مکمل اعتماد اورٹیم کی سپورٹ کا اعادہ کیا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس توقعات کے مطابق نہیں تاہم امید ہے باقی میچزمیں ٹیم پوٹینشنل کے مطابق کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کے بعدٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی 3 سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ میچ آفیشلز اور پلیئرز کے تبادلے پر بات چیت ہوئی جبکہ وارکشائر کاونٹی کے ساتھ کھلاڑیوں کے تبادلے کا معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال فرسٹ کلاس پلیئرز انگلینڈ بھی بھیجے گا۔
بورڈ نے کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کو کمرشلائز کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔اجلاس کے اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ بگٹی اسٹیڈیم کی توسیع اور بین الاقوامی درجہ دینے سے بلوچستان خصوصا کوئٹہ کے عوام بہتر اور بڑا اقدام ہے۔
اجلاس کے آغاز میں پاکستان کے سابق کرکٹر اختر سرفراز اور سابق ٹیسٹ امپائر ریاض الدین کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔
ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی اور اس کے نتیجے میں شائقین کی شدید تنقید کے بعد گزشتہ روز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹیم منیجر طلعت علی کو فارغ کئے جانے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فون کر کے ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ہونے والی شدید تنقید پرکرکٹ ٹیم کیلئے آئندہ میچوں پر توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان ٹیم کو مزید 4 اہم میچز کھیلنے ہیں۔ چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد سے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی اس لیے دھیان کھیل میں رکھ کر آئندہ میچ جیتنے کی کوشش کریں۔