ورلڈ کپ سیمی فائنل میں انڈیا کو 18 رنز سے شکست
ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو 18 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کو 240 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں انڈیا کی پوری ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل منگل کو اس وقت روک دیا گیا تھا جب نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے جبکہ 3.5 اوورز کھیل ابھی باقی تھا۔ بدھ کو اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں نیوزی لینڈ کی اننگز دوبارہ شروع ہوئی اور اس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز میں 239 رنز بنائے۔
انڈیا کی بیٹنگ
انڈیا نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو پہلے دس اوورز میں ہی اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اوور میں روہت شرما ایک رن بنا کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان وراٹ کوہلی کو بھی بولٹ نے ایک سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا تو انڈیا کی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ اوپنر راہل بھی صرف ایک سکور پر ہینری کا شکار بنے۔
نیشم نے ہینری کی گیند پر کارتھک کا بہترین کیچ پکڑا۔ اس کے بعد مشکل وقت میں رشبھ پنت اور پانڈیا نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 47 رنز کی پارٹنر شپ جوڑی، جسے سینٹنر نے رشبھ پنت کو 32 رنز پر آؤٹ کر کے ختم کیا۔
پانڈیا کو بھی سینٹنر نے 32 رنز پر آؤٹ کیا۔ جدیجا اور دھونی نے 116 رنز کی پارٹنر شپ کھیل کر ٹیم کے جیتنے کی امید جگائی مگر 48 ویں اوور میں جدیجا 77 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دھونی بھی 49 رنز پر دوسرا سکور لیتے ہوئے گپٹل کی براہ راست تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے ہینری نے تین، سینٹنر اور بولٹ نے دو دو جبکہ فرگوسن اور نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز سست انداز میں کیا، شروع کے دو اوورز میں کوئی رن نہیں بنا جس کے باعث اوپنر گپٹل نے چوتھے اوور میں صرف ایک رن پر اپنی وکٹ گنوا دی۔
اس کے بعد کپتان ولیمسن اور نکولس نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 68 رنز کی پارٹنر شپ جوڑی، نکولس 28 رنز پر جدیجا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان ولیمسن نے 67 رنز کی اننگز کھیلی اور چاہال کی گیند پر جدیجا کو کیچ دے دیا۔ نیشم بھی انڈین بولرز کو سمجھنے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گرینڈہوم نے رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی مگر صرف 16 رنز کا ہی اضافہ کر سکے، ان کا کیچ دھونی نے پکڑا۔ بارش کے بعد نیوزی لینڈ کی بقیہ اننگز 46.1 اوور سے شروع ہوئی تو ٹیلر 74 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی رن ریٹ بڑھانے میں ناکام رہا، لیتھم دس اور ہینری ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کی جانب سے کمار نے تین جبکہ پانڈیا، بمرا، چاہال اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گذشتہ روزآئی سی سی کے آفیشل امپائرز نے بارش کے بعد وقفے وقفے سے گراؤنڈ کا معائنہ کیا مگر گراؤنڈ اور پچ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق بارش کی صورت میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ اپنا کر میچ 20 اوورز تک میچ محدود کیا جا سکتا ہے تاہم 20 اوورز کھیلنا بھی ممکن نہ ہوں تو بقیہ میچ اگلے دن مکمل کیا جاتا ہے۔