فضائی ٹکٹس پر نیا ٹیکس: ماحولیات کو بچانے کے لیے فرانس کا منصوبہ
فضائی ٹکٹس پر نیا ٹیکس: ماحولیات کو بچانے کے لیے فرانس کا منصوبہ
منگل 9 جولائی 2019 3:00
اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ ماحول کو بچانے کے لیے وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس نے ماحول دوست نقل و حمل کے منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے ملک کے تمام ایئرپورٹس سے اڑان بھرنے والی پروازوں کے ٹکٹس پر 18 یورو یا 20 ڈالر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو فرانس کی وزیر مواصلات ایلزبتھ بورن نے کہا کہ فضائی سفر کرنے والوں کے ٹکٹس پر ٹیکس کا اطلاق آئندہ برس سے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اندرون ملک اور پورپ میں جانے والی فلائٹس کے اکانومی کلاس ٹکٹ پر ڈیڑھ یورو ٹیکس لگایا جائے گا جبکہ یورپ سے باہر جانے والی فلائٹس میں بزنس کلاس کے ٹکٹ پر سب سے زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا۔
ایلزبتھ بورن کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے امید ہے کہ سالانہ 18 کروڑ 20 لاکھ یورو اکھٹے ہوں گے جو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا ڈھانچہ کھڑا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
مواصلات کی وزیر نے کہا ’فضائی ٹکٹس پر یہ ٹیکس صرف بیرون ملک جانے والی پروازوں پر عائد کیا جا رہا ہے۔ فرانس میں آنے والی پروازوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔‘
یاد رہے کہ 2018 میں سویڈن نے بھی اسی طرح کا ایک ٹیکس نافذ کیا جس کے تحت ہر فضائی ٹکٹ پر 40 یورو اضافی عائد کیے تھے۔ سویڈن نے بھی اس اقدام کا مقصد ہوائی سفر کے ماحول پر اثرات کو کم کرنا بتایا تھا۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے ’پیرس ماحولیاتی معاہدے‘ کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’غیر شفاف، غیر مؤثر اور بہت زیادہ اخراجات کا حامل‘ قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ’امریکہ ماحولیاتی لیڈرشپ‘ کانفرنس سے خطاب میں کہا ’ہم ماحول کا تحفظ کریں گے لیکن ہم اس کے ساتھ اپنی خودمختاری، ملکی استحکام اور امریکیوں کی ملازمتوں کا بھی تحفظ کریں گے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں اقوام متحدہ کی ایک اہم رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور ماحولیات کو تباہی سے بچانے کے لیے عالمی معیشت اور معاشرے کو غیر معمولی طور پر بدلنا ہوگا۔