Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویڈیو سکینڈل: ارشد ملک، ناصر بٹ اور ناصر جنجوعہ کون؟

جج ارشد ملک کا تعلق تحصیل گوجر خان سے ہے، پنجاب یونیورسٹی سے ایل اے ایل ایل بی کیا، تصویر: سوشل میڈیا

جج ارشد ملک کون ہیں؟

اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2 سے ہٹائے جانے والے جج ارشد ملک کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے گاؤں ارجن سے ہے۔
ارشد ملک نے پنجاب یونیورسٹی سے ایل اے ایل ایل بی کرنے کے بعد راولپنڈی سے ہی اپنی وکالت کا آغاز کیا۔ ان کے بڑے بھائی عدالتی ریڈر تھے جبکہ ان کے ایک چھوٹے بھائی بھی وکالت کرتے ہیں۔
ارشد ملک براہ راست امتحان پاس کر کے 2000 کی دہائی میں ایڈیشنل سیشن جج تعینات ہو گئے۔ 2000 سے 2003 تک وہ ملتان میں جج تعینات رہے۔ ایڈیشل سیشن جج کی حیثیت سے انہوں نے پنجاب کے دیگر مختلف اضلاع اٹک، چکوال، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور میں خدمات انجام دیں۔
فروری 2018 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ سے ان کی خدمات حاصل کر لیں اور انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو کا جج تعینات کر دیا گیا۔
دسمبر 2018 کے آخری ہفتے میں انہوں نے شریف فیملی کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے سنائے۔

ناصر بٹ کون ہیں؟

ویڈیو سکینڈل کے ایک اور اہم کردار ناصر بٹ کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ کافی عرصے سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں اور وہاں اپنا کاروبار کرتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ناصر بٹ نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی کے ذریعے نواز شریف کے قریب آئے اور مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر بن گئے۔  

ناصر بٹ کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ کافی عرصے سے لندن میں رہائش پذیر ہیں، تصویر: سوشل میڈیا

نوازشریف جب بھی لندن جاتے ہیں تو ان کی پرائیویٹ سکیورٹی کی ذمہ داری ناصر بٹ کے ذمہ ہوتی ہے اور وہی ان کے لیے گارڈز فراہم کرتے ہیں۔ نواز شریف جب اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں پیش ہوتے تھے تو ناصر بٹ اکثر احتساب عدالت اور پنجاب ہاؤس میں دیکھے جاتے تھے۔
راولپنڈی میں ان کے خلاف اقدام قتل سمیت مختلف مقدمات بھی درج ہیں اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے جھگڑے کے الزام میں لندن پولیس کے ہاتھوں گرفتار بھی ہو چکے ہیں۔

ناصر جنجوعہ کون ہیں؟


 تعمیراتی کمپنی کے مالک ناصر جنجوعہ کا شمار نواز شریف کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے، تصویر: سوشل میڈیا

ویڈیو سکینڈل میں سامنے آنے والا تیسرا نام ناصر جنجوعہ کا ہے۔ ناصر جنجوعہ کا شمار نواز شریف کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے۔ نواز شریف کی احتساب عدالت پیشیوں کے موقع پر اکثر ناصر جنجوعہ نواز شریف سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔ناصر جنجوعہ ایک بڑی تعمیراتی کمپنی کے مالک ہیں اور اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں۔ اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر ان کی عالیشان رہائش گاہ ہے جہاں نواز شریف احتساب عدالت میں پیشیوں کے دوران کبھی کبھار ان سے ملنے بھی جاتے رہے ہیں۔

شیئر: