شاہ سلمان نے 94سالہ انڈونیشی کا خواب سچ کردیا
جمعرات 18 جولائی 2019 19:48
انڈونیشیا کا 94سالہ شہری اور اس کے اہل خانہ امسال فریضہ حج خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں کریں گے۔
اخبار 24کے مطابق انڈونیشی شہری اور اس کے اہل خانہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام وڈیو پیغام بھیجا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ حج کے آرزو مند ہیں۔ نہ جانے کب سے حج کا خواب دیکھ رہے ہیں مگر مالی تنگی کے باعث یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ کاش شاہ سلمان ہمارا یہ خواب پورا کردیں۔
شاہ سلمان نے وڈیو پیغام کی اطلاع ملتے ہی جکارتہ میں تعینات سعودی سفیر عاصم الثقفی کو ہدایت کی کہ وہ پہلی فرصت میں انڈونیشی شہری اور اس کے اہل خانہ کے حج کے تمام انتظامات مکمل کرادیں۔ یہ سب لوگ امسال ہمارے خرچ پر ہی حج کریں گے۔
سعود ی سفیر نے جکارتہ میں انڈونیشی شہری سے ملاقات کرکے انہیں خوشخبری سنائی اور حج کے تمام انتظامات مکمل کردیئے۔ انڈونیشی شہری اور اس کے پورے خاندان نے اس خبر کو آسمانی تحفہ جیسا سمجھا۔ہر سو خوشی کی لہر دوڑ گئی۔سب نے انہیں مبارکباد دی۔ ساتھ ہی شاہ سلمان کو درازی عمر کی دعائیںبھی دیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پرتاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے جو کچھ کیا ان سے اسی کی توقع تھی۔ سعودی عرب ہم سب کا وطن اور اس کی قیادت تمام مسلمانوں کی قیادت ہے۔