ریاض ریجن میں گردوغبار کا طوفان ، گرمی بڑھ گئی
جمعہ 19 جولائی 2019 20:34
سعودی عرب کے ریاض ریجن میں جمعہ کو شدید گرد وغبار کا طوفان چھایا رہا جس کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کافی متاثر رہی ۔
عرب میڈیا کے مطابق ریجن کے متعدد علاقوں میں گرد و غبار کے ساتھ گرمی کی شدت میں بھی کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ریاض شہر میں گردو غبار کے باعث شہریوں کوکافی دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔ روایتی علاقو ں میں اکثر دکانیں بند رہی۔ محکمہ صحت کی جانب سے بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ افراد جو سانس کے مرض میں مبتلا ہوں بلا ضرورت گھروں سے باہرنہ نکلیں ۔ متاثرین کے علاوہ عام افراد بھی طبی ماسک استعمال کریں ۔
شہری دفاع کی جانب سے شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کے لئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی جاتی رہی۔
عرب ویب نیوز اخبار 24کے مطابق ریاض ریجن میں شاہراہوں پر ہائی وے پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں فوری طور پر امداد فراہم کی جاسکے ۔ سوشل میڈیا پر ریاض ریجن میں آنے والے گردو غبار کے طوفان کی وڈیووائرل ہوئی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ گردوغبار سے شاہراہوں کو گاڑی چلانے والوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ہائی وے پولیس کی جانب سے موبائل فون پر ایس ایم ایس بھیجے گئے جن میں شاہراہوں پر سفر کرنے والوںکو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شاہراہوں پر بلا وجہ سفر کرنے سے اجتناب برتیں کیونکہ ہائی وے پر شدید گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے حد نظر کافی حد تک محدود ہو جاتی ہے جس سے حادثات کا امکان ہو سکتا ہے ۔
شہری دفاع کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات میں مزید کہا گیا تھا کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے اپنی گاڑیوں کے " ہیزٹ " لازمی طور پر استعمال کریں تاکہ عقب سے آنے والی گاڑیو ں کے ڈرائیور متنبہ ہو سکیں ۔ شاہراہوں پر عام طور پر حادثات تیز رفتاری کی وجہ سے ہوتے ہیں جس کی بنیادی وجہ ڈرائیور وں کا غفلت برتنا ہے ۔
واضح رہے ریاض ریجن اور ربع الخالی کے صحراء میں ان دنوں گردو غبار کا موسم ہوتا ہے یہ سلسلہ جولائی کے آخر سے شروع ہو کر ستمبر کے وسط تک جاری رہتا ہے ۔ ان دنوں ہائی ویز پر سفر کرنے والے اپنی گاڑیوں پر خصوصی طور پر اسپرے کرتے ہیں تاکہ گرد وغبار کی وجہ سے انکی گاڑیوں کے رنگ خراب نہ ہو ں ۔
دریں اثناء ینبع کمشنری میں بھی جمعہ کو شدید گردو غبار کا طوفان چھایا رہا ۔ شمالی علاقے میں گردو غبار کے بعد معمولی بارش ہوئی جس سے موسم کسی قدر بہتر ہو گیا ۔ گرمی کی شدت میں معمولی کمی تو آئی تاہم کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔