Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'عمر کا چکر صرف عورت کے لیے؟'

کیا آپ کے خیال میں ماہرہ خان اتنی بوڑھی ہیں کہ انہیں ماں کے کردار کرنے چاہئیں؟ (فوٹو:ٹوئٹر)
سینیئر اداکار فردوس جمال اداکارہ ماہرہ خان کے متعلق بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہوگئے۔
ہوا کچھ یوں کہ نجی چینل کے پروگرام میں ’ریپیڈ فائر‘ کے نام سے ایک سیگمنٹ شروع ہوا جس میں اداکارہ ماہرہ خان کی تصویر دکھائی گئی اور سب سے ان کے بارے میں فوراً رائے دینے کا کہا گیا جس پر فردوس جمال نے کہا کہ’ مجھے نہیں لگتا ماہرہ خان کو اب ہیروئن کے کردار ادا کرنے چاہیئں۔ ماہرہ خان ماڈل ہوسکتی ہیں لیکن وہ نہ تو ایک اچھی اداکارہ ہیں اور نہ ہی ہیروئن۔
فردوس جمال کی اس بات پر میزبان فیصل قریشی بھی معنی خیز انداز میں مسکرادئیے۔ فردوس جمال نے ماہرہ خان کو ان کی عمر کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماہرہ کی عمر زیادہ ہوگئی ہے اور اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتیں بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں۔
انٹرویو کے نشر ہوتے ہی دیکھتے ہی دیکھتے ان کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ٹوئٹر پر اس وقت فردوس جمال کے نام سے ٹرینڈ بھی چل رہا ہے جس پر صارفین فردوس جمال کے بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ریحام خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ماہرہ خان دیکھنے میں بالکل فٹ ہیں ، بہت سی نوجوان لڑکیاں ان کی طرح نظر آنا چاہتی ہیں۔ ایک آدمی کو نظرانداز کردیں، پورا انڈیا ان سے متاثر ہے۔‘

ناکام ترین کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ’ اس حساب سے تو فردوس جمال تو نانا دادا کے کردار کرنے چاہئیں وہ کیوں ابھی تک باپ کے کردار کے پراجیکٹس کررہے ہیں؟‘

اینا خالد نے لکھا کہ’ فردوس جمال صاحب پھر مُردوں کا کردار کریں؟ عمر کا چکر صرف عورت کے لیے؟‘

شاہد نامی صارف نے لکھا کہ ’فردوس جمال ایک لیجنڈری اداکار ہیں۔ شاید انہوں نے ماہرہ خان کے حوالے سے درست کہا ہو مگر ٹیلی ویژن پر کچھ کہنے کا ایک مناسب طریقہ ہوتا ہے۔ اگر اتنے سال ٹی وی پر کام کرنے کے بعد بھی آپ کے پاس مناسب الفاظ نہیں تو معذرت کیساتھ، آپ احترام کے لائق نہیں۔‘

آر رحیمہ سو کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’فردوس جمال نے ماہرہ کے بارے میں کہا کہ اس عمر میں تو ماں کے کردار کرنے چاہئیں حالانکہ ماہرہ ابھی اپنے 30 کے درمیان ہیں جبکہ 50 سالہ ہمایوں سعید نوجوان اداکاروں کے ساتھ فلموں میں مرکزی کردار کررہے ہیں۔‘
جہاں صارفین فردوس جمال پر خوب گرج برس رہے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جو ان کی حمایت میں بول رہے ہیں۔

احسن حیات خان نے لکھا کہ ’فردوس جمال نے ایک تلخ حقیقت بیان کی ہے جو بہت سے لوگ سننا نہیں چاہتے۔ ماہرہ کبھی بھی ایک اچھی اداکار نہیں رہیں،انہیں ڈرامہ ’ہمسفر‘سے میڈیا پر غیرضروری مقبولیت کے بعد ہی پراجیکٹس ملنا شروع ہوئے۔‘

ایک اور صارف آمنہ نے لکھا کہ’میں فردوس جمال کے ساتھ ہوں،ماہرہ ایک خوبصورت خاتون ہیں لیکن انہیں یہ نہیں معلوم کہ اداکاری کیسے کرتے ہیں۔‘

کوئسچن ایوری تھنگ نامی توئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’ایج سے متعلق تبصرہ غیراخلاقی اور قابل مذمت ہے لیکن ماہرہ خان ایک بہترین اداکارہ کیسے ہوگئیں؟ وہ ایک درمیانے درجے کی اداکارہ ہیں اور اس حوالے سے فردوس جمال نے درست کہا ہے۔‘

شیئر: