شاہ سلمان کے بڑے بھائی شہزادہ بندر بن عبدالعزیز کا انتقال
سعودی عرب کے حکمران اعلیٰ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بڑے بھائی شہزادہ بندر بن عبدالعزیز 95 ویں برس کی عمر میں اتوار کی شب کو انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ آج پیر کو عشاء کے بعد مسجد الحرام میں ادا کی جائے گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق خلیجی اور عرب ممالک کے سربراہوں اور رہنماﺅں نے سعودی عرب کے شاہی خاندان خصوصاً شاہ سلمان سے تعزیتی پیغام اور ٹیلیفونک رابطے کر کے رنج و ملال کا اظہار کیا۔
شہزادہ بندر بن عبدالعزیز 1923 میں پیدا ہوئے تھے۔ بھائیوں میں وہ دسویں نمبر پر تھے۔ ترتیب میں شاہ فہد کے بعد ان کا نام آتا تھا۔
انکی والدہ شہزادی بزہ الثنی تھیں۔ انہوں نے کبھی کوئی منصب نہیں لیا۔ البیعہ بورڈ میں انکی نمائندگی شہزادہ فیصل کرتے رہے جو ان دنوں سعودی دارالحکومت ریاض کے گورنر ہیں۔ بیعہ بورڈ شاہی خاندان کا وہ ادارہ ہے جو نئے حکمران کا انتخاب کرتا ہے، اسے ملک کے سربراہ کی برطرفی کے اختیارات بھی حاصل ہیں ۔
شہزادہ بندر بن عبدالعزیز نے تین شادیاں کیں تھیں، اور وہ تئیس بچوں کے والد تھے۔
آر ٹی کے مطابق شہزادہ فیصل بن ترکی بن فیصل نے ٹویٹ کیا ’انا للہ وانا الیہ راجعون، اللہ تعالیٰ میرے سردار اور والد شہزادہ بندر بن عبدالعزیز پر رحمتیں نازل کرے۔ اللہ انہیں دنیا کے گھر سے زیادہ بہتر گھر عطا فرمائے۔ دنیاوی اہل و عیال سے کہیں بہتر عزیزوں سے نوازے۔ انہیں جنت کا داخلہ نصیب فرمائے۔ انہیں قبر اور دوزخ کے عذاب سے بچائے۔ اے اللہ ان سے ایسا معاملہ فرما جو تیرے شایان شان ہو، ان سے ایسا معاملہ نہ فرما جس کے وہ مستحق ہوں۔‘
سعودی عرب کے ممتاز عالم عائض القرنی نے اپنے ٹویٹ میں شہزادہ بندر کی تصویر شیئر کر کے شاہ سلمان سے تعزیت کا اظہار کیا۔