Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عازمین سعودی اہلکاروں کو اردوبولتا دیکھ کر حیران

10 زبانوں کے200 سے زائد ماہر اہلکار جدہ اور مدینہ منورہ کے ایئرپورٹس پر تعینات ہیں ۔
امسال فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے آنیوالے پاکستانی عازمین جدہ کے کنگ عبدالعزیزانٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمدبن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی اہلکاروں کو اردومیں بات کرتے دیکھ کر حیران رہ گئے ۔
سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے عازمین حج سے گفت و شنید میں آسانی کیلئے10 سے زیادہ زبانوں کے200 سے زائد ماہر اہلکار جدہ اور مدینہ منورہ کے ایئرپورٹس پر تعینات کئے ہیں ۔ ان میں اردو،فارسی،انڈونیشی،ترکی،انگریزی اور جاپانی زبان سرفہرست ہیں ۔  غیر ملکی زبان کے ماہر اہلکار عازمین حج کی رہنمائی کرتے ہیں۔ سعودی حکومت اپنے مختلف محکموں میں متعدد زبانوں کی تعلیم پر زور دے رہی ہے ۔ اردو دانوں کے لئے خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ امسال عمرے کے لئے  سب سے زیادہ پاکستانی آئے ہیں ۔
جدہ ائیر پورٹ پر پاسپورٹ فورس کے کمانڈر کرنل سلیمان الیوسف نے اخبار 24سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں حج ٹرمنل پر 2ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں ۔ ان میں 208 خواتین ہیں ۔ 100 سے زائد ایسے اہلکار ہیں جنہیں متعدد زبانوں پر عبور حاصل ہے ۔
کرنل الیوسف نے کہا کہ عازمین حج کی امیگریشن کارروائی تیزی سے انجام دینے کے لئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ 40سیکنڈ کے اندر ایک عازم کی کارروائی نمٹا دی جاتی ہے ۔
امسال پہلی مرتبہ پاکستان ،تیونس،ملائیشیا،انڈونشیا،او ربنگلہ دیش کے عازمین کو روٹ ٹو مکہ پروگرام کے تحت امیگریشن،کسٹم،صحت امور اور سامان کی نشاندہی سے متعلق کارروائی ا نکے اپنے ممالک کے ائیرپورٹس پر نمٹا نے کی سہولت دی گئی ۔ پاکستان میں یہ تجربہ پہلی مرتبہ اسلام آباد ائیر پورٹ تک محدود ہے ۔ آئندہ سال پاکستان کے دیگر ائیر پورٹس سے حج پر آنیوالوں کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کیا جائے گا ۔ پاکستان سے جو عازمین امسال روٹ ٹو مکہ پروگرام کا حصہ نہیں ان کی امیگریشن اور کسٹم کارروائی نمٹانے میں اردو زبان کے ترجمان معاونت کر رہے ہیں ۔ 
لاہور،کراچی،پشاور،سیالکوٹ اور فیصل آباد ائیرپورٹس سے حج کے لئے آنیوالے دسیوں پاکستانیوں نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکرہے کہ اس نے ہمیں اپنے گھر بلایا ۔سعودی بھائیوں نے یہاں ہمارا خیر مقدم جس قدر پیار اور محبت سے کیا وہ قابل تعریف ہے ۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر ایسا لگا کہ ہم پاکستان میں ہی کے کسی ائیر پورٹ پر ہیں جہاں ہمارے ہم زبان ہم سے اردو زبان میں بات کر کے ہمارے کام نمٹا رہے ہیں ۔
حاجیوں کی رہنمائی کیلئے ترجمان اپلیکیشن
حج ایام میں منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کو کیمپ آنے جانے اور حج کے مختلف کام انجام دینے کےلئے رہنمائی کی سخت ضرورت پڑتی ہے۔بہت سارے حاجی کیمپ کا راستہ بھول جاتے ہیں۔کئی جمرات(شیطانوں)کو کنکریاں مارنے کےلئے جاتے یا آتے وقت اپنے کاررواں سے بھٹک جاتے ہیں۔رہنمائی کےلئے بورڈ نصب ہوتے ہیں لیکن بہت سارے لوگ انہیں سمجھ نہیں پاتے ۔
5سعودی خواتین نے مشاعر مقدسہ(منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات) میں حاجیوں کی رہنمائی کےلئے اردو ، ہندی ، بنگالی ،انڈونیشی ، ملائیو،فلپینی ، انگریزی ، روسی ، فرانسیسی اور ترکی زبانوں میں رہنما اپلیکیشن ”ترجمان“ تیارکی ہے ۔یہ موبائل پر موثر ہو گی ۔
سبق اور العربیہ نیٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں غیر عرب حاجی حضرات اس کی بدولت رہنما بورڈز پر درج معلومات کا ترجمہ اپنی زبان میں حاصل کر سکیں گے ۔
سعودی خواتین کی اس اپلیکیشن نے ”ہیکٹن حج “ پروگرام میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ہیکٹن حج کا انتظام سعودی سائبر سیکیورٹی آرگنائزیشن نے جدہ شہر میں کیا تھا۔
سعودی خواتین نے العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس کامیابی پر جو خوشی ملی ہے اس کا اظہار الفاظ سے نہیں کیا جاسکتا ۔ہمیں اس بات پر ناز ہے کہ ہماری اس کاوش سے حاجیوں کو سہولت ہو گی۔
ترجمان ٹیم کمانڈر سماہر الھذلی نے بتایا کہ اپلیکیشن کی تیاری میں پورا ایک سال لگ گیا۔شروع میں اس کا تصور تیار کیا گیا پھر اسے عملی جامہ پہنایا گیا۔ترجمان ایپ کا مقصد حاجیوں کو ملنے ملانے اور سمجھنے سمجھانے میں پیش آنیوالی دشواری دور کرنا تھا۔اس کا ایک ہدف رہنما بورڈ ز کے فوری ترجمے کی سہولت مہیا کرنا بھی تھا۔بہت سارے حاجی رہنما بورڈز پر مذکور عبارت سمجھنے کےلئے انٹرنیٹ کا سہارا لیتے تھے ۔اب اس سے وہ بے نیاز ہو جائیں گے ۔ 
ترجمان اپلیکیشن کیسے کام کرے گی
 مشاعر مقدسہ (منیٰ ، مزدلفہ ، عرفات ) میں ترجمان کے رہنما بورڈ نصب کر دئےے گئے ۔ منیٰ میں 123، مزدلفہ میں 40اور عرفات میں 57بورڈ لگائے گئے ہیں ۔
ترجمان اپلیکیشن سے مشاعر مقدسہ اور مسجد الحرام میں رہنما بورڈز کا ترجمہ کرنے میں آسانی ہو گی ۔ جیسے ہی حاجی اپلیکیشن انسٹال کرے گا اس کا موبائل خودکار سسٹم کے تحت حاجی کے موبائل کی زبان استعمال کرنے لگے گا۔اسی طرح جب حاجی اپلیکیشن انسٹال کرنے کے بعد کیمرے کا رخ کسی رہنما بورڈ کی طرف کرےگا اس کا ترجمہ اسکرین پر آجائے گا ۔ اس کی بدولت اپلیکیشن میں موجود کی بورڈ بھی استعمال کیا جا سکے گا ۔ حاجی اپلیکیشن سسٹم کی مدد سے اس کی زبان بھی تبدیل کر سکے گا ۔
رغدہ القاضی نے بتایا کہ ترجمان اپلیکیشن کا اصل فائدہ مشرقی ایشیاءترکی ، امریکہ ، آسٹریلیا بعض افریقی ممالک، روس اور جنوبی ایشیاءکے حاجیوں کو ہو گا ۔
 ترجمہ شدہ رہنما بورڈز کی مدد سے حاجی میدان عرفات میں جبل رحمت ، منیٰ میں جمرات (علامتی شیطانوں)، پیدل حج کرنیوالوں کے راستے اور راستہ بھول جانے والے حاجیوں کے رہنما مرکز کا پتہ آسانی سے معلوم کر سکیں گے ۔

شیئر: