قربانی کے گوشت کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ریفریجریٹر منیٰ میں قائم
قربانی کے گوشت کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ریفریجریٹر منیٰ میں قائم
منگل 30 جولائی 2019 10:37
’قربانی گوشت استفادہ اسکیم‘ کی انتظامیہ نے امسال منیٰ میں 10لاکھ سے زیادہ جانوروں کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے دیوہیکل ریفریجریٹر قائم کیا ہے جسے دنیا کا سب سے بڑا ریفریجریٹرقرار دیا جا رہا ہے ۔
دنیا بھر سے حج پر آنیوالے مسلمان ہر سال منیٰ میں جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔
سعودی حکومت اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے توسط سے قربانی کا خصوصی انتظام کر رکھا ہے۔ حاجی حضرات آئی ڈی بی قربانی سکیم کے کوپن خرید لیتے ہیں، جانوروں کی فراہمی، ان کا طبی معائنہ، انہیں ذبح کرنا، مستحق افراد میں گوشت کی تقسیم آئی ڈی بی سکیم کی انتظامیہ کا کام ہے۔
ہوائی جہازوں، بحری جہازوں اور ریفریجریٹر ٹرکوں کے ذریعے قربانی کاگوشت ہر سال ایشیا اور افریقہ کے دسیوں ممالک کے لاکھوں ناداروں میں تقسیم کرایا جاتا ہے۔
اخبار 24کے مطابق سعودی عرب نے حج کے دوران کی جانے والی قربانیوں کے گوشت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مکمل بندوبست کیا ہے۔
اس میں مشینی نظام کے ذریعے کھال اتارنے، بوٹیاں بنانے، گوشت صاف کرنے اور پھر اسے ریفریجریٹر میں محفوظ کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ گوشت مکہ مکرمہ کے ناداروں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور باقی ماندہ دنیا بھر کے غریبوں کو بھیج دیا جاتا ہے۔
دیوہیکل ریفریجریٹر کے نائب نگران اعلیٰ ڈاکٹر عمر عطیہ نے بتایا کہ ہمارا یہ انتظام ہر لحاظ سے مکمل ہے۔
اس میں گوشت سائنٹفک بنیادوں پر محفوظ کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ریفریجریٹر ہے۔