Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’احتیاطی تدابیر پر عمل کریں‘ جدہ اور مکہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کا الرٹ

شہریوں اور غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں اتوار سے بدھ 8 جنوری تک گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے’ سعودی شہری اور غیرملکی بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں‘۔
  بیان میں کہا گیا کہ’ سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ سیلاب کے خطرے والے مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں‘۔
’ بارش کے حوالے سے سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ  پر شیئر کی جانے والی گائیڈ لائنز پرعمل کیا جائے‘۔ 
شہری دفاع کا کہنا ہے’ مکہ مکرمہ ریجن موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مکہ شہر، جدہ، بحرہ، الجموم، رابغ، خلیص اور الکامل متاثر ہوں گے۔ 
طائف، میسان، اضم، المویہ،  تربہ، رنیہ، الخرمہ، اللیث اور القففدہ میں بھی درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے، ریاض ریجن کے کئی علاقے درمیانے درجے سے شدید بارش اور ژالہ باری سے متاثر ہوں گے۔
بیان میں  تبوک، الجوف، حدود الشمالی، حائل، قصیم، الشرقیہ اور مدینہ منورہ ریجن کے علاقوں میں بھی درمیانے درجے سے لے کر شدید بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

شیئر: