Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپریشن سے ایرانی عازم حج کی بینائی لوٹ آئی

شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی مکہ مکرمہ میں 58 سالہ ایرانی عازم حج کی آنکھوں کا آپریشن کامیاب رہا جس سے اس کی بینائی بچ گئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بروقت طبی امدا د ملنے سے آپریشن کامیاب ہو گیا۔
 اخبار 24 کے مطابق مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج موجود ہیں جن کی دیکھ بھال اور انہیں مختلف سہولتوں کی فراہمی کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے مثالی اقدامات کئے جاتے ہیں۔ وزار ت صحت ، بلدیات ، شہری دفاع اور وزارت حج و عمرہ کے علاوہ  دیگر تمام ادارے عازمین کی خدمت کیلئے ہمہ وقت مستعد رہتے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے حرمین شریفین میں حج سیزن کے دوران خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں. اس ضمن  میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عارضی ڈسپینسریوں کے علاوہ مرکزی اسپتالوں میں بھی عازمین حج کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔سعودی عرب میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 168 عارضہ قلب میں مبتلا عازمین حج کی اینجوپلاسٹی اور اوپن ہارٹ سرجری بھی کی گئی ۔ اس حوالے سے عازمین کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت میں ضیوف الرحمان کا ہر طرح سے خیال رکھا جاتا ہے ہمیں یہاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

وزارت صحت کے ذرائع نے اخبار 24 کے نمائندے کوبتایا کہ مکہ مکرمہ کے جنرل ہسپتال میں ایک ایرانی عازم حج کو لایا گیا جسے آنکھوں میں شدید تکلیف کی شکایت تھی۔ طبی معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے کیس شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی کو ریفرکرتے ہوئے فوری آپریشن تجویز کیا۔
ایرانی عازم حج کو وزارت صحت کی ایمبولینس کے ذریعے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی لایا گیا جہاں ڈاکٹرو ں کی ٹیم نے اس کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد فوری آپریشن تجویز کیا ۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مریض کے دماغ کے مخصوص حصے میں جہاں سے آنکھوں کی نسیں گزرتی ہیں وہاں غدود اس قدر بڑھا ہو تھا کہ اگر اسکا فوری آپریشن نہ کیا جاتا تو بینائی مستقل طور پر ختم ہونے کا اندیشہ تھا۔
آپریشن کے لئے نیورو، ماہر امراض چشم اورای این ٹی سرجنوں نے حصہ لیا کیونکہ غدود جس مقام پر تھا اس کیلئے لازمی تھا کہ پوری ٹیم اس آپریشن کی نگرانی کرے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد آپریشن تھا تاہم پیچیدہ آپریشن بھی کامیاب رہا اور عازم حج بینائی سے محروم ہونے سے بچ گیا۔ 
کامیاب آپریشن پر ایرانی عازم حج نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہو ں نے عازمین کے لئے کس قدر مثالی خدمات کا انتظام کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بلا کسی تفریق کے ہرایک کی خدمت کی جاتی ہے۔ 
 

شیئر: