Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجم سیٹھی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ

وزیر اعظم عمران خان نے سینئیر اینکر و صحافی نجم عزیز سیٹھی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعوی کر دیا ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں عمران خان نے اپنے وکیل بابر اعوان کے زریعے  درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 28 مارچ 2019 کو چینل 24 پر نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام ’ دی نجم سیٹھی شو‘ میں عمران خان سے متعلق غلط اور تضحیک آمیز گفتگو کی ہے۔ یہ پروگرام چینل 24 پر نشر ہوا اور اسکے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی  ڈالا گیا تھا۔
درخواست میں سینئیر صحافی و اینکر نجم سیٹھی کے خلاف کارروائی اور درخواست پر فیصلہ آنے تک مزید ہتک آمیز گفتگو کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے موکل عمران خان ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے چئیرمین ہیں اور پاکستان سمیت عالمی دنیا میں اچھی شہرت اور عزت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ نجم سیٹھی نے مذکورہ چینل پر اپنے پروگرام میں وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہیلہ بشریٰ بی بی کی ازدواجی زندگی کے حوالے گفتگو کی تھی، جس کے بعد چینل کو پاکستان کے کئی شہروں میں بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم نہیں بلکہ بطور چئیرمین تحریک انصاف نجم سیٹھی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔
2013 کے انتخابات کے بعد عمران خان نے متعدد بار نجم سیٹھی پر دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں۔

شیئر: