24 لاکھ حجاج قیام مزدلفہ کے بعد منیٰ روانہ ہو گئے
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 24 لاکھ89 ہزار406 افراد نے امسال حج کی سعادت حاصل کی۔
حجاج کرام رات بھر مزدلفہ میں قیام کے بعد آج صبح فجر کی نماز کے بعد منیٰ روانہ ہوگئے۔ منیٰ میں حجاج بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، بال منڈوائیں گے اور قربانی کے بعد احرام کھول دیں گے۔
سعودی حکومت نے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے قربانی کا بندوبست کیا ہے۔ سعودی عرب میں قربانی کے کوپن فروخت کرنے کا مجاز ادارہ ’اسلامی ترقیاتی بینک‘ ہے جو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور حاجیوں کی رہائشوںاور میقاتوں پر طے شدہ بینکوں اور مراکز کے ذریعہ قربانی کے کوپن فروخت کرتا ہے۔یہ مراکز حاجی کی طرف سے کی جانے والی قربانی کا وقت بتادیتے ہیں۔
دریں اثنا جمرات پل کی انتظامیہ نے پل لے جانے والے تمام راستوں میں حج اسپیشل فورس کو تعینات کردیا ہے۔ حج منصوبے کے مطابق جمرات پل پر سامان لے جانا منع ہے۔ حج سیکیورٹی فورس کو راستوں کی نگرانی پر مامور کیا گیا ہے تاکہ اس منصوبے پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔ راستوں کی نگرانی کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ حجاج رمی کیلئے جانے والے راستوں سے ہی جائیں اور اسی راستے سے واپس آئیں جو واپسی کیلئے مخصوص ہیں تاکہ کسی قسم مڈ بھیڑ یا ہنگامی صورتحال نہ پیدا ہوجائے۔
ہفتے کو حجاج میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک عبادات میں مصروف رہے اور دعائیں کیں۔ ظہر اور عصر کی نمازیں مسجد نمرہ میں ادا کیں اور حج کا خطبہ سنا۔ منیٰ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائزہ لیا۔
حجاج پیدل قافلوں کی صورت میں، بسوں اور ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے رات گئے تک مزدلفہ پہنچتےتھے۔ سعود ی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے سرکاری اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ2.4 ملین حجاج میدان عرفات پہنچے اور وہاں سے مزدلفہ روانہ ہوئے۔ یہ تمام عمل پر امن طریقے سے کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
بعد ازاں حجاج نے مزدلفہ پہنچ کر رمی کے لیے کنکریاں چنیں اور رات بسر کی۔ حجاج پیر اور منگل کو بھی رمی کریں گے۔ منیٰ میں آبا د خیموں کے شہر کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ دوسری جانب جمرات پل کی انتظامیہ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کو سامان سمیت پل تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج کے منصوبے کے مطابق حجاج مزدلفہ سے منیٰ آکر پہلے اپنے خیموں میں جائیں گے جہاں وہ اپنا سامان رکھیں گے پھر پروگرام کے مطابق اپنے طے شدہ وقت پر رمی کے لئے نکلیں گے۔
وزارت حج کی جانب سے منیٰ میں مختلف مقامات پر اردو ، انگلش ، عربی اور دیگر زبانوں میں بورڈز نصب ہیں جن پر حجاج کے لئے ہدایات درج کی گئی ہیں۔
وزارت صحت نے بھی مشاعر مقدسہ (منی ،مزدلفہ اور عرفات ) میں تمام ہسپتالوں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کر کے کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدات کی ہے۔ مرکزی ہسپتالوںکے علاوہ صحت مراکز اور موبائل امدادی ٹیمیں دن بھر کام کرتی رہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے منیٰ اور عرفات میں ہسپتالوں نے بھرپور تیاریاں کررکھی ہیں۔
محکمہ شہری دفاع نے منیٰ اور عرفات کے علاوہ مزدلفہ میں اپنے مستقل اور ہنگامی مراکز قائم کررکھے ہیں۔شہری دفاع کے حکام نے بارش کے دوران حجاج کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مسلمان خود کو مضبوط کریں،خطبہ حج
لاکھوں حجاج نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنا۔امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے کہا کہ امت مسلمہ نفرتوں کو مٹا دیں۔ مسلمان خود کو سیاسی طور پر مضبوط کریں۔