مصری عدالت نے کالعدم تنظیم الاخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع سمیت11افراد کو 2011ء میں عرب اسپرنگ کے دوران جیل توڑنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق قاہرہ کی عدالت میں الاخوان کے رہنماﺅں اور کارکنان کے خلاف جیل توڑنے کے الزام میں مقدمے کی دوبارہ سماعت کی گئی ۔ جنوری 2011 میں مصر کی جیلوں سے 20 ہزار قیدیوں کے فرار سے متعلق مقدمات میں سابق صدر حسنی مبارک کو بھی گواہی کے لیے بلایا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
مصر کی فوجداری عدالت نے 8 دیگر ملزمان کو انہی الزامات کے تحت 15،15 برس قید کی سز سنائی جس میں جیل توڑنے اور غیر ملکی گروپوں( فلسطین کی حماس اور لبنان کی حزب اللہ )کے ساتھ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں ۔
جون2015 میں قاہرہ کی فوجداری عدالت نے الاخوان المسلمون کے رہنما اور سابق صدر محمد مرسی سمیت دیگر اہم شخصیات کو سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنائی تھی تاہم نومبر2016 میں اپیلٹ کورٹ نے ان سزاﺅں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا ۔