وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز نے عہدے کا حلف اٹھالیا
وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز نے عہدے کا حلف اٹھالیا
پیر 9 ستمبر 2019 9:04
نئے وزیر توانائی نے کہا کہ وہ ملک ، بادشاہ اور دین کے لئے مخلص رہیں گے
نئے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے حلف وفاداری دیتے ہوئے نئے وزیر توانائی نے کہا کہ وہ اپنے ملک، بادشاہ اور دین کے لیے مخلص رہیں گے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حلف اٹھانے کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئے وزیر توانائی کو ملک و قوم کی خدمت کی تلقین کی ہے۔ اس موقعے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
بعدازاں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ شاہ سلمان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وژن 2030 کو عملی جامہ پہنانے کے لیے توانائی کا شعبہ کلیدی کردارادا کر رہا ہے۔ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔