ریاض .... وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی عرب کے 88ویں یوم الوطنی کے موقع پر” فرضی سیل“ کا ڈھونگ رچنے والوں کو 10لاکھ ریال تک کے جرمانے اور 3برس قید کا انتباہ دیدیا۔ یہ انتباہ صارفین کی ان شکایات اور رپورٹوں کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے جن میں بتایاگیا تھا کہ تجارتی مراکز کی جانب سے پیشکش کچھ ہوتی ہے او رحقیقت حال کچھ اوردیکھنے میں آتی ہے۔ علاوہ ازیں جزوی خلاف ورزیاں تو اچھی خاصی تعداد میں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ وزارت تجارت نے تاجروں سے کہا ہے کہ وہ23سے 25ستمبرتک آن لائن سیل سسٹم سے استفادہ کریں۔ آن لائن درخواستیں دیکر یوم الوطنی اسپیشل سیل کی اجازت حاصل کرلیں۔ ایسا نہ کرنے پر کارروائی ہوگی۔ ”تخفیضات“ ایپلی کیشن کے ذریعے 2018ءکی پہلی سشماہی کے دوران 72ملین اشیاءکے نرخوں میں کمی کی پیشکشیں کی گئیں۔ یہ ایپلی کیشن نہایت موثر ہے۔ اسکا اجراءفرضی رعایت کے سدباب کیلئے کیا گیا ہے۔