Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لیٹا تھا کہ پلازہ کانپنے لگا‘

پاکستان کے مختلف شہروں میں آنے والے زلزلے سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع میرپور میں کافی نقصان ہوا ہے۔
مختلف دیہات میں مکانات کی دیوریں اور چھتیں گر گئی ہیں جبکہ لوگوں میں کافی خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو میں عینی شاہدین نے بتایا کہ زلزلے سے اکتوبر 2005 میں آنے والے زلزلے کی تلخ یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔ آج بھی اسی طرح کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ لوگوں نے کم جانی نقصان پر شکر بھی ادا کیا۔

’اچانک ہر چیز لرز اٹھی تو میں نے کاونٹر کے اوپر سے چھلانگ لگائی اور باہر کو بھاگ نکلا‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)

میر پور میں موبائل کی دکان چلانے والے عدنان احمد نے بتایا کہ جب زلزلہ آیا تو وہ ایک موبائل کی ڈیل کر رہے تھے۔
’اچانک ہر چیز لرز اٹھی تو میں نے کاونٹر کے اوپر سے چھلانگ لگائی اور باہر کو بھاگ نکلا۔ میرے پیچھے گاہک بھی نکل گئے۔ جب زلزلہ تھما تو سب نے دکانیں بند کیں اور گھروں کو روانہ ہوگئے۔‘
میرپور شہر میں ایک دکان پر پر کام کرنے والے دانش کو کسی نے اطلاع دی کہ چیچیاں گاؤں میں ان کے ننحیال کا گھر زلزلے سے گر گیا ہے جس کے بعد وہ چھٹی لے کر روانہ ہوگئے۔

جاتلاں، علی بیگ، پل منڈا اور میرپور شہر میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے(فوٹو:سوشل میڈیا)

اردو نیوز سے گفتگو میں دانش نے بتایا کہ ’ماموں نے بڑی محنت سے مکان بنایا تھا اور خاندان کے لوگ خوش تھے کہ ان کا بھی نیا مکان بنا ہے۔‘
ایک اور شہری چوہدری محمود نے بتایا کہ ’میں لیٹا ہوا تھا کہ اچانک پورا پلازہ ہی کانپنے لگا۔ میرے باقی ساتھی کھانا کھا رہے تھے اور وہ کھانا چھوڑ کر بھاگ گئے۔ لیکن میں لیٹا رہا اور اونچی آواز میں بلند آواز میں کلمہ پڑھتا رہا۔ جب زلزلہ رکا تو میں بھی نیچے اترا۔‘

’ماموں نے بڑی محنت سے مکان بنایا تھا اور خاندان کے لوگ خوش تھے کہ ان کا بھی نیا مکان بنا ہے‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)

کچھ اور مقامی لوگوں نے اردو نیوز کو بتایا جاتلاں، علی بیگ، پل منڈا اور میرپور شہر میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
میرپور میں ایک پولیس ملازم راجہ آصف نے بتایا کہ انھیں گاؤں سے فون کر کے بتایا گیا ہے کہ پل منڈا کے قریب نہر اپر جہلم کے بند میں شگاف پڑا گیا ہے۔ جس سے علاقے میں پانی بھر آیا ہے۔
میر پور کے رہائشی راجہ عامر کے مطابق کئی گھروں کی بیرونی دیواریں گر گئی ہیں۔
ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ میرپور میں زلزلے کی وجہ سے ایک عمارت گرنے سے 50 افراد زخمی ہوگئے اور ایک روڈ بری طرح متاثر ہوا۔
میرپور شہر کے ہسپتال کے قریب رہائش پذیر نعیم چغتائی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک 10 سالہ بچی زلزلے سے ہلاک ہوگئی ہے۔  ان کے مطابق علاقے کا انفراسٹرکچر بشمول روڈز، موبائل فون کے ٹاورز اور بجلی کے کھمبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین سجاد جرال اور قاضی طاہر کا فون پر  اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرپور میں زلزلے سے ایک عمارت گر گئی ہے اور ایک سڑک کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ 
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: