امریکی شہر کینساس میں فائرنگ، 4 ہلاک
اتوار 6 اکتوبر 2019 15:24
پولیس کے مطابق فائرنگ سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو بشکریہ سی این این
امریکہ کے شہر کنساس کے ایک بار میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق بار میں فائرنگ کا واقعہ اتوار کو علی الصبح پیش آیا۔
امریکہ ٹی وی چینل سی این این کے مطابق کنساس پولیس کے ترجمان تھومس ٹومیسیک نے بتایا کہ پولیس کو رات 1 بجکر 27 منٹ پر ٹیکیولا بار میں فائرنگ کے حوالے سے اطلاع ملی۔
پولیس افسران جب بار میں پہنچے تو چار افراد کی لاشیں بار کے اندر پڑی ہوئی تھیں۔ ترجمان کے مطابق پانچ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہیں تاہم ہلاک ہونے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔
تھومس ٹومیسیک نے سی این این کو بتایا کہ پولیس کے پاس ابھی تک مکمل معلومات نہیں کہ فائرنگ کرنے والا ایک تھا یا زیادہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے اور علاقے میں نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کی تصاویر دیکھ رہی ہے۔