سعودی عرب میں آن لائن تجارت کے لیے لائسنس کا حصول لازمی ہو گا، فوٹو: سبق
سعودی عرب میں لائسنس کے بغیر آن لائن تجارت ممنوع ہے۔ کسی بھی سطح پر کی جانے والی آن لائن تجارت کے لیے لائسنس کا حصول لازمی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ بات سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے اعلامیہ جاری کر کے بتائی ہے۔ وزارت تجارت نے کہا ہے کہ 20 اکتوبر 2019ء سے آن لائن تجارت کا نیا لائحہ عمل نافذ کیا جائے گا۔
وزارت نے کہا ہے کہ تمام ای شاپس کے مالکان کو چاہیے کہ فوری طور پر وزارت تجارت و سرمایہ کاری سے لائسنس حاصل کریں اور آن لائن تجارت کے نئے لائحہ عمل میں شامل ہوں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مرد و خواتین اپنے ملکوں سے مختلف اشیا لا کر یہاں واٹس ایپ، سنیپ چیٹ اور انسٹاگرام کے ذریعہ فروخت کرتے ہیں۔
بعض غیر ملکی مقامی مارکیٹ سے ہول سیل ریٹ پر مختلف اشیا خرید کر انہیں سوشل میڈیا پر فروخت کرتے ہیں۔ اس سے انہیں اضافی آمدنی ہو جاتی ہے۔
وزارت تجارت کے اعلامیے کے بعد غیر ملکیوں کے لئے اس طرح کی تجارتی سرگرمی خلاف قانون سمجھی جائے گی۔
وزارت نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے کسی بھی ذریعے کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی سطح کی تجارت کرنا آن لائن تجارت کے زمرے میں آتا ہے۔ اس طرح کی سرگرمی کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ آن لائن تجارت کے نئے لائحہ عمل میں تاجر اور صارف دونوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔ لائحہ عمل کے نفاذ سے پہلے ماہرین اور عوام الناس سے اس سے متعلق رائے لی گئی تھی۔
آن لائن تجارت کرنے والے تمام افراد وزارت تجارت کی ویب سائٹ سے رجوع کرکے نئے لائحہ عمل کی مختلف دفعات سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔
وزارت نے کہا ہے کہ نئے لائحہ عمل میں آن لائن تجارت کو منظم کرنے کے علاوہ ریٹیل کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ ای شاپس میں تبدیل کرنا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ نئے لائحہ عمل کا مقصد تاجر اور صارف کے درمیان شفافیت کو قائم رکھنا ہے۔ لین دین کے معاملات کی شفافیت کے علاوہ خریدے ہوئے سامان کو کسی بھی وجہ سے واپس کرنے کے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔
ای شاپس چلانے والے افراد کا مستقل پتہ رجسٹرڈ کرنا ضروری ہے۔ الیکٹرانک تجارت کرنے والے افراد اگر انفرادی طور پر یہ کام کرتے ہوں اوران کی کوئی مستقل شاپ یا ادارہ نہ ہو تو ان کا رہائشی پتہ رجسٹرڈ ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں