پیدائشی طور پر ذہنی معذور، حافظ قرآن
جمعہ 18 اکتوبر 2019 10:57
محمد القرنی کو رب کریم نے مثالی حافظہ عطا کیا .فوٹو ۔ سبق نیوز
کم سن حفاظ کے بارے میں کافی سنا چکے ہیں تاہم پیدائشی طور پر ذہنی معذور حافظ قرآن کے بارے میں اس سے قبل کبھی سننے میں نہیں آیا ۔ 31 سالہ محمد عبداللہ القرنی ریاض میں مقیم ہے جو پیدائشی طور پر ذہنی معذور ہے مگر قدرت نے اسے مثالی حافظہ عطا کیاہے ۔
القرنی کافی عرصہ سے صاحب فراش ہے اسے ذہنی معذوری کے علاوہ دیگر جسمانی بیماریاں بھی لاحق ہیں مگر مثالی حافظے نے ' محمد القرنی ' کو معاشرے میں وہ ممتاز مقام عطا کر دیا جو بڑے بڑوں کو نصیب نہیں ہوتا ۔
سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد کے بڑے بھائی عائض القرنی نے بتایا کہ ' میرا بھائی پیدائشی ذہنی معذور ہے ،والدین کے انتقال کے بعد اس کی پرورش میں نے کی' ۔
محمد القرنی جو اس وقت ریاض کے شاہ فہد میڈیکل سینٹر میں زیر علاج ہے زندگی کی جنگ ہنس کر لڑ رہا ہے ۔ القرنی کو کینسر اور گردوں کے امراض لاحق ہیں تاہم مسکراہٹ اس کا امتیاز ہے ۔
حافظ محمد القرنی کو رب کریم نے جو مثالی حافظہ عطا کیا ہے اس کی بدولت اس نے قرآن کریم محض سن کر ہی حفظ کر لیا ۔
القرنی کے بھائی نے مزید بتایا کہ ' محمد کیونکہ پیدائشی طور پر معذور تھا اس لیے وہ کبھی اسکول یا مدرسے نہیں گیا ، اسے لکھناتو دور کی بات پڑھنا بھی نہیں آتا '۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں