فیس بک کا خبروں سے متعلق نیا سیکشن
جمعہ 25 اکتوبر 2019 19:38
’ٹوڈیز سٹوریز‘ کے نام سے سیکشن میں دن بھر کی سب سے بڑی خبر شامل کی جائے گی (فوٹو:گیٹی امیجز)
فیس بک نے صارفین کی اپنی دلچسپی اور پسند کے مطابق خبریں اور متعلقہ مواد تک رسائی کے لیے ایک ٹیب کو فیس بک ایپ کا حصہ بنایا ہے۔
فیس بک انتطامیہ نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ فیس بک کی فیڈ میں نیوز آرٹیکلز نظر آتے رہیں گے تاہم،اس ایپ میں ایک نئی ٹیب کی سہولت سے صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق خبریں اور دیگر مواد تک پہنچ سکیں گے اور انہیں یہ اختیار بھی حاصل ہوجائے گا کہ وہ جو خبریں دیکھنا چاہتے ہیں وہی ان کی نیوز فیڈ میں دکھائی جائیں گی۔
یہ سہولت آزمائشی طور پر ابھی صرف امریکی صارفین کو مہیا کی گئی ہے۔
اسی طرح ’ٹوڈیز سٹوریز‘ کے نام سے ایک سیکشن خصوصی طور پر بنایا گیا ہے جو کہ صحافیوں کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے، اس سکیشن میں دن بھر کی سب سے بڑی اور اہم ملکی خبر کو شامل کیا جائے گا۔
فیس بک صارفین ایسے موضوعات اور آرٹیکلز جو وہ نہیں دیکھنا چاہتے انہیں اپنی نیوز فیڈ سے ہٹا بھی سکیں گے جبکہ بزنس، صحت، سائنس ایںد ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے سیکشنز میں سے اپنی پسند کے مطابق خبریں دیکھ سکیں گے۔
اب سوال یہ ہے کہ ان تمام شعبوں سے متعلق خبریں کہاں سے حاصل کی جائیں گی تو آپ کو بتاتے چلیں کہ فیس بک نے یوں تو اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے تاہم، نیوز سیکشن سے لیے گئے سکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹائم، وال سٹریٹ جرنل، واشنگٹن پوسٹ،بز فیڈ نیوز، بلومبرگ، فوکس بزنس اور چند دیگر پبلشرز اس میں شامل ہیں۔
لاس انجلس ٹائمز،بزفیڈ اور دا پوسٹ نے تصدیق کی ہے کہ وہ خبروں کے لیے فیس بک سے تعاون کررہے ہیں۔
لاس اینجلیس ٹائمز کے وائس پریذیڈنٹ آف کمیونیکیشن ہلری میننگ کا کہنا ہے کہ ’ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہم فیس بک کے ذریعے اپنے نئے قارئین تک پہنچیں، جیسے جیسے ہمارے قارئین کی تعداد میں اضافہ ہوگا یہ ہمارے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہوگا۔‘