کیا اس فیچر سے زیادہ سے زیادہ لائیکس حاصل کرنے کا مقابلہ ختم ہوجائے گا؟ فوٹو: (اے ایف پی)
ہر کوئی چاہتا ہے کہ فیس بک پر ان کی پوسٹس کو زیادہ سے زیادہ لائیکس ملیں اور اس کے لیے سوشل میڈیا پر ایک مقابلہ جاری ہے۔ لائیکس حاصل کرنے کے لیے لوگ ایسے افراد کو بھی اپنے دوستوں کی فہرست میں شامل کر لیتے ہیں جن کا ان سے دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہوتا۔
ایسے میں ان افراد کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جن کے دوستوں میں صرف وہی لوگ شامل ہوتے ہیں جن کو وہ ذاتی زندگی میں جانتے ہیں۔
فیس بک نے اس معاملے کا حل نکال لیا ہے اور اب ٹیسٹ کیا جائے گا کہ لوگ کسی پوسٹ کے نیچے یہ نہیں دیکھ سکیں گے کہ کسی پوسٹ کو پسند کرنے والوں کی تعداد کیا ہے۔ اس کی جگہ پر صرف یہ لکھا ہوگا کہ اس پوسٹ کو ’ایک دوست اور دیگر‘ نے لائیک کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس مارچ میں فیس بک کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ فیس بک لائیکس کا نمبر ظاہر کرنے والے فیچر کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
ٹیک کرنچ کے مطابق اس ٹیسٹ کا آغاز 27ستمبر کو سب سے پہلے آسٹریلیا سے ہوگا اور اس سے یہ جانچ کی جائے گی کہ اس فیچر کے ختم ہونے سے صارفین کے رویوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اور اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسے دنیا کے دیگر خطوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایسا ہی فیچر ٹوئٹر نے بھی متعارف کروایا تھا جس کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ لائیکس کا نمبر چھپانے سے ٹوئٹر سے منسلک صارفین کی تعداد کم ہوئی تھی۔
موبائل ایپ ریسرچر جین مانچن وانگ کے مطابق اس فیچر سے پوسٹ کو لائیک کرنے والوں کا نمبر نیوز فیڈ میں ظاہر نہیں ہوگا لیکن لوگ اس پوسٹ کے اندر جا کر لائیک کرنے والوں کی لسٹ دیکھ سکیں گے اور خود گنتی کرکے دیکھیں گے کہ ان کی پوسٹ کو کتنے لوگوں نے پسند کیا ہے یا اس پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں