جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ’آزادی مارچ‘ کا قافلہ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہو چکا ہے۔
لاہور سے روانگی سے قبل مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہمارا مطالبہ اب بھی یہی ہے ،25 جولائی کو جو انتخابات ہوئے ان میں بدترین دھاندلی ہوئی،اس کے نتائج کوقبول نہیں کرتے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی آزادی اوربقا کا مارچ ہے اور اس کی پاکستان کے ہر شہری نے حمایت کی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ’ووٹ کی امانت میں خیانت کی گئی، یہ حکومت ناجائزہے،ایک سال کی کارکردگی میں نااہل ثابت ہوئی ہے۔‘
لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت کنٹینر میں اہم اجلاس ہوا جس میں طے ہوا کہ قافلہ آج رات گوجر خان میں قیام کرے گا۔ اور پھر یہ مارچ گوجرخان سے کل راولپنڈی،اسلام آباد میں داخل ہوگا۔
واضح رہے کہ آزادی مارچ کے شرکا 27 اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہوئے تھے اور پہلی رات سکھر شہر میں قیام کیا۔ مارچ کے شرکا پیر کو پنجاب کی حدود میں داخل ہوئے۔ جس کے بعد یہ قافلہ ملتان، ساہیوال اور اوکاڑہ سے ہوتا ہوا منگل کو رات گئے لاہور پہنچا، جہاں سے یہ اب اسلام آباد کی طرف گامزن ہے۔
مارچ کی قیادت جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں جس میں پارٹی کارکنوں اور سپورٹرز کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہیں۔
جے یو آئی (ف) کا ’آزادی مارچ‘ بدھ کو علی الصبح تین چار بجے کے قریب لاہور میں داخل ہوا۔ چوبرجی چوک لاہور میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ان کے ’اسلام آباد پہنچنے سے پہلے عمران خان استعفیٰ دے دیں۔‘
اردو نیوز کو موصول ہونے والی ایک ای میل کی کاپی کے مطابق حکومت کی طرف سے سیلولر کمپنیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ لاہور میں ’آزادی مارچ‘ کے اردگرد آٹھ کلومیٹر کے علاقے میں انٹرنیٹ سروسز کو معطل رکھا جائے۔
خیال رہے کہ ’آزادی مارچ‘ کے ساہیوال پہنچنے پر لاہور کے بیشتر علاقوں میں تمام موبائل کمپنیوں نے اپنی انٹرنیٹ سروسز کو بند کر دیا تھا جو اب تک بند ہیں۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ، یتیم خانہ چوک، چوبرجی، داتا دربار، بتی چوک اور دیگر مقامات پر مارچ کا استقبال کیا جائے گا۔
جے یو آئی (ف) کے مطابق ’آزادی مارچ‘ کے تمام قافلوں کا قیام مینار پاکستان، بادشاہی مسجد اور قرب و جوار کی مساجد و مدارس میں ہو گا۔
بدھ کو مینار پاکستان (آزادی چوک پل) پر جلسہ عام ہوگا۔ جس سے مارچ میں موجود مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ لاہور میں قیام کے بعد یہ مارچ بدھ کو ہی اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔
اس سے قبل ملتان میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کے کنٹینر پر ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ اس مارچ کا آغاز اتوار کو کراچی سے ہوا تھا اور مارچ کے شرکا اتوار کو رات گئے سکھر پہنچے تھے۔
سکھر میں مولانا فضل الرحمان نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آزادی مارچ آگے بڑھتا رہے گا اور اب پیچھے ہٹنے کی کوئی گنجائش نہیں۔‘
کراچی میں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ’ہم اپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے، 25 جولائی کے جعلی انتخابات اور اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں