Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی، بھارتی اعلامیے کا اجرا، سٹراٹیجک شراکت کونسل قائم

نریندر مودی نے اسٹراٹیجک کونسل کے قیام پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو واس
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کے اختتام پر منگل کو مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔یہ دورہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عمل میں آیا۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی باہمی دلچسپی کے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے اسٹراٹیجک کونسل کے قیام کے سلسلے میں اہم کردارادا کرنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی وزیراعظم منگل کو سعودی عرب کے دورے پر آئے تھے۔ فوٹو واس

 مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے سٹراٹیجک شراکت کونسل کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بھارت اور سعودی عرب نے اسٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لیے مل جل کر کام کرتے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
سعودی عرب اور بھارت نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکو ںکے عوام میں میل ملاپ اور سیاسی ، اقتصادی ، سلامتی ، دفاعی اور افرادی قوت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیا۔
دونوں ملکوں کے رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرکے اندرونی امور میں کسی بھی طرح کی مداخلت کو پوری قوت سے مسترد کردیا۔ شام سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2254کی پرزور تائید کا اعادہ کیا۔ یمن کا بحران ، خلیجی فارمولے، یمنی قومی مکالمے کی قراردادوں اور سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر2216کے مطابق حل کرنے کی تائید کی۔
دونوں ملکوں نے امیدظاہر کی کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب فارمولے کے مطابق حل ہو فلسطینی عوام کے جائز حقوق ، 1967 ءکی سرحدوں میں خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو اور بیت المقدس اس کا دارالحکومت بنایا جائے۔ 
دونوں ملکوں نے بحر ہند اور خلیج کے علاقے میں آبی گزر گاہوں کی امن وسلامتی کو یقینی بنانے کے ضامن انتظامات میں حصہ لینے سے بھی اتفاق کیا۔
دونوں ملکوں نے اس امر پر زو ردیا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی تمام اقوام و ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔ اس خطرے کو کسی مذہب یا نسل یا ثقافت سے نہیں جوڑا جاسکتا۔
بھارت نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی جبکہ فریقین نے انسداد دہشتگردی کے عالمی مرکز کے ساتھ زیادہ گہرے تعاون کا مطالبہ کیا۔
نریندرمودی کے دورہ مملکت کے موقع پر توانائی، شہری ہوابازی، طبی مصنوعات، دفاعی و سلامتی تعاون کو منظم کرنے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ علاوہ ازیں کئی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے RUPAY کارڈ کے اجرا کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
               

شیئر: