شاہ سلمان نے سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں ٹرین حادثے پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ ضلع رحیم یار خان میں جمعرات کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 74افراد ہلاک اور 37 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے بھی تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرنے والوں پر اپنا فضل و کرم فرمائے۔ اس کے ساتھ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے اور زخمیوں کو فوری مکمل شفا عطا فرمائے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پاکستان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستانی ٹرین میں آتشزدگی اور اس سے ہونے والی اموات اور جانی نقصان کی اطلاع سن کر انہیں دلی دکھ ہوا۔
’میں آپ سے، ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے انتہائی رنج اور ہمدردی کا اظہار ضروری سمجھتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرنے والوں کے ساتھ رحمت و مغفرت کا معاملہ فرمائے اور تمام زخمیوں کو فوری شفا سے نوازے۔ اللہ دعائیں سننے اور قبول کرنے والا ہے‘۔