پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے حالیہ ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غم کے موقع پر سفارت خانہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
جمعرات کو صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے گزرنے والی مسافر ٹرین ’تیز گام‘ میں آگ لگنے سے 74 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے تھے۔ مسافر ٹرین کراچی سے براستہ لاہور، راولپنڈی جا رہی تھی۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سفارت خانہ اس رنج و غم کی گھڑی میں اپنے برادر پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس افسوس ناک حادثے میں وفات پانے والوں کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے، ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔‘
رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان عتیق احمد نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ زیادہ تر لاشیں شناخت کے قابل نہیں تھیں۔
مزید پڑھیں
-
’ہر طرف چیخ و پکار، مسافر رو رہے تھے‘
Node ID: 440871
زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیاقت پور جبکہ جھلس جانے والے متعدد مسافروں کو شیخ زید ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجہ سلنڈر اور چولہے جلانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تیزگام ایکسپریس زنجیر کھینچنے کی وجہ سے رکی ورنہ پوری ٹرین جل جاتی۔