’غیر ملکی سرمایہ کار بھی آرامکو حصص خرید سکتے ہیں‘
’غیر ملکی سرمایہ کار بھی آرامکو حصص خرید سکتے ہیں‘
اتوار 3 نومبر 2019 11:08
آرامکو کے سربراہ کے بقول ’آرامکو کمپنی کے حصص کی فروخت کا اعلان تاریخی ہے۔‘
سعودی عرب کی تیل و گیس کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو کے سربراہ امین الناصر نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اپنے حصص مقامی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’آرامکو نے حصص فروخت کرنے کا ابتدائی اقدام مقامی شیئرز مارکیٹ سے کرتے ہوئے اپنے حصص آل شیئرز انڈیکس ’تداول‘ میں شامل کیے ہیں۔‘
اتوار کو جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’آرامکو کمپنی کے شیئرز خریدنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ پر تفصیلی معلومات موجود ہیں۔‘
آرامکو کے سربراہ نے کہا کہ ’آرامکو کمپنی کے حصص کی فروخت کا اعلان تاریخی ہے۔ ہم اس کی بنیاد پر ملکی خزانے اور معیشت کو آمدنی کے مختلف ذرائع فراہم کریں گے۔‘
امین الناصر کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ دنوں کمپنی کٹھن مراحل سے گزری ہے مگر اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے یہ مرحلے طے کرلیا اور اب مستقبل کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں۔‘
’سعوی عرب میں مقیم غیرملکی بھی حصص خرید سکتے ہیں‘
آرامکو کمپنی کے چیئرمین یاسر الرمیان نے کہا ہے کہ ’مقامی شیئرز مارکیٹ میں آرامکو کمپنی کے حصص کی فروخت سعودی عرب کے وژن 2030 کے عین مطابق ہے۔‘
انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بہت جلد سعودی شہریوں سمیت شیئرز مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی بھی آرامکو کے شریک ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’آرامکو کمپنی دنیا کی معتبر اور محفوظ کمپنی ہے جس میں سرمایہ کاری سے شیئرز ہولڈرز کو منافع ہوگا۔‘
دوسری طرف آرامکو کے سربراہ امین الناصر نے کہا ہے کہ ’آرامکو کے 10 شیئرز خریدنے پر ایک شیئر مفت فراہم کیا جائے گا۔ شہریوں کو اس حوالے سے زیاد سے زیادہ ایک سو مفت شیئرز دیئے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’آرامکو کے شیئرز 180 دن تک اپنے پاس رکھنے والے کو بھی مفت شیئرز فراہم ہوں گے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ تمام سعودی شہریوں سمیت جی سی سی ممالک کے شہری اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی آرامکو کے شیئرز خرید سکیں گے بشرطیکہ ان کا کسی مقامی بینک میں اکاؤنٹ ہو۔‘
پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کا جواب دیتے ہوئے آرامکو کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’غیرملکی شوہرکی سعودی بیوی اپنے اور اپنے غیر ملکی بچوں کے نام پر بھی شیئرز خرید سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’مطلقہ اور بیوہ سعودی خاتون اپنے لیے یا اپنے بچوں کے نام پر بھی آرامکو کے شیئرز خریدنے کی اہل ہے بشرطیکہ وہ مطلقہ یا بیوہ ہونے کا ثبوت فراہم کرے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’غیرملکی سرمایہ کار افراد یا ادارے آل شیئرز انڈیکس تداول کی شرائط پر پورا اترنے کے بعد آرامکو کے حصص خرید سکتے ہیں‘
پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آرامکو کے چیئرمین یاسر الرمیان نے کہا کہ ’آرامکو کے شیئرز کی قیمت کا تعین دس دنوں کے بعد ہوگا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ہے’ تداول آل شیئر انڈیکس میں اندراج کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے حصص خریدنے کی شرح کیا ہوگی۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’آرامکو کمپنی کے شیئرز مقامی شیئر مارکیٹ میں فروخت تک محدود ہوں گے۔ عالمی شیئر مارکیٹ میں اس کی فروخت کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔‘
ایک سوال پر آرامکو کے سربراہ امین الناصر نے کہا ہے کہ ’ آرامکو کے حصص فروخت ہونے کے بعد اگر ضرورت محسوس کی گئی تو حکومت منافع کی تقسیم کے وقت آئندہ پانچ سال تک اپنے حصے سے دستبردار ہوجائے گی۔‘
آرامکو کمپنی کیا ہے؟
31جنوری 1944 کو عریبین آرامکو آئل کمپنی کا نام تبدیل کرکے سعودی آرامکو رکھ دیا گیا۔ مقصد تیل پیدا کرنے والی ریاست کے نام کو اجاگر کرنا تھا۔اب آرامکو کمپنی تیل مصنوعات میں دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔ روزانہ ایک کروڑ بیرل سے زیادہ تیل نکال رہی ہے۔ یہ 116 آئل اور گیس فیلڈز دریافت کرچکی ہے۔ آئل فیلڈز ’اسادف‘، گیس فیلڈز ’ام رمیل‘ اور ’الشعور‘ حال ہی میں دریافت ہوئی ہیں۔
سعودی عرب میں تیل کے سب سے پہلے کنویں کی دریافت میں خمیس بن رمثان کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کی نشاندہی پر ہی دمام کے اس کنویں کی کھدائی شروع کی گئی تھی جسے بانی مملکت نے خیر و برکت کے کنویں کا نام دیا تھا۔ آرامکو نے مشرقی ریجن کی ایک آئل فیلڈ اور آرامکو کے ایک دیو ہیکل آئل ٹینکر کو انکے نام سے منسوب کر دیا ہے۔