وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی آمرانہ نظام نہیں جموریت ہے اور سب کو دھرنے کی آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسلام آباد کو کوئی خطرہ نہیں، مولانا فضل الرحمان کے بچوں نے تو سکول جانا نہیں دوسرے لوگوں کے بچوں کو تو جانے دیں۔ ’افسوس ہوتا ہے کہ تیز بارش میں لوگ بیٹھے ہیں اور لیڈر شپ گھر میں بیٹھ کر حلوہ کھا رہی ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد کے پاک چائنہ سینٹر میں تین روزہ ایکسپو کی اختتامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف پہلے مریض جو تشویش ناک حالت میں ہسپتال سے گھر منتقل ہوئے ہیں حالانکہ مریض کو ایسی حالت ہسپتال میں رکھنا بہتر ہوتا ہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ ان کو صحت دے اور پلیٹ لیٹس کی مقدار پوری کرے۔‘
’نواز شریف نے قوم کے پلیٹ لیٹس کو نقصان پہنچایا اور ہمارے وائٹ سیل کم کیے، وہ اب مہربانی کرتے ہوئے ان کو بحال کریں جو وہ قوم کے پیسے واپس کر کے کر سکتے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
’آزادی مارچ‘ کے شرکا کو موسم پریشان کرنے لگا، درجنوں بیمارNode ID: 441716
-
’آزادی مارچ میں سردی بھگانے کے لیے چھلانگیں ‘Node ID: 441871
فواد چودھری نے دھرنے میں اقلیتوں کے خلاف بات کیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اقلیتوں کے خلاف جو زبان استعمال کی اس نے پوری قوم کے بیانیے کو نقصان پہنچایا ہے۔
اس سوال پر کہ اسلام آباد میں جگہ جگہ کنٹینر رکھے جانے کی وجہ سے حادثات ہو رہے ہیں ان کو کب ہٹایا جائے گا؟ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’دھرنے والے تو کنٹینر مانگ رہے ہیں، وہ کہتے ہیں ہمارے پاس سونے کے لیے جگہ نہیں ہے۔‘
سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے دھرنے کے موقع پر پورا شہر کنٹینرز سے بھر دیا گیا تھا، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا، ان پر کیسز بنائے گئے تھے، موجودہ دھرنے کے حوالے سے تو ایسا کچھ بھی نہیں ہو رہا۔‘
انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دھرنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے اعلان اور مولانا فضل الرحمان کے انکار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حیرت ہے کہ مولانا اپنے ہی کارکنوں کو سہولت دیے جانے کے کیوں خلاف ہیں، انہیں چاہیے کہ جلسے میں سی ڈی اے اہلکاروں کو کام کرنے سے نہ روکیں۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ سب کو بات کرنے اور احتجاج کی آزادی ہے چاہے وہ غلط ہی کیوں نہ ہو۔
ادھر اسلام آباد کے کشمیر ہائی وے پر جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کو دھرنا دیے ہوئے ساتواں روز ہے اور شہر میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے بدھ کو ’آزادی مارچ‘ کے شرکا سے خطاب میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں