Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سراغ لگانے والا ’ہیرو کتا‘ وائٹ ہاؤس جائے گا

ٹرمپ نے کونن کو ’امریکن ہیرو‘ کہہ کر پکارا ہے۔ فوٹو: اے پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی کھوج لگانے اور انہیں ہلاک کرنے میں امریکی کمانڈروں کی مدد کرنے والا ’ہیرو کتا‘ جلد وائٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا۔
خبر رساں ادارے پرس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق  بدھ کو رات گئے امریکی ریاست لوزیانا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ کونن (کتا) ’ایک عظیم ہیرو‘ ہے۔ ’وہ بہت جلد وائٹ ہاؤس آ رہا ہے۔‘
ستمبر کے آخر میں امریکی کمانڈوز کی جانب سے شمالی شام میں ابوبکر البغدادی کے خلاف کیے گئے آپریشن میں کونن زخمی ہوگیا تھا تاہم وہ اب دوبارہ کام پر واپس آگیا ہے۔
ٹرمپ نے ریلی کے شرکا کو بتایا کہ ’میں نے کہا اب اسے لے آؤ، سٹاف نے کہا کہ وہ مشن پر ہے۔ میں نے کہا آپ لوگ مذاق کر رہے ہوں گے، برائے مہربانی اسے ایک دو روز کے لیے آرام دیں۔‘
ابوبکر البغدادی کے خلاف کامیاب آپریشن کے فوراً بعد پینٹاگون اور صدر ٹرمپ نے امریکی کمانڈوز کا ساتھ دینے والے اس کتے کی تصاویر جاری کی تھیں۔

داعش کے سربراہ نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ فوٹو: روئٹرز

امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ میک کینزی کے مطابق یہ کتا سپیشل آپریشنز کمانڈ (ایس او کام) میں گذشتہ چار سال سے کام کر رہا ہے اور اب تک تقریباً 50 آپریشنز کا حصہ رہ چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابوبکر بغدادی کے خود کش دھماکہ کرنے کے بعد یہ کتا سرنگ میں پڑی ننگی تاروں کی وجہ سے زخمی ہو گیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق ابوبکر البغدادی کو 26 اکتوبرکے روز شمالی شام میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد ان کی لاش کو سمندر برد کر دیا گیا تھا۔
اس موقعے پر امریکی صدر نے ٹوئٹر پر کتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے داعش کے سربراہ کے ’پکڑے جانے اور ہلاکت میں اہم کردار ادا کیا۔‘ تاہم انہوں نے اس کا نام ظاہر نہیں کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ خفیہ ہی رہے گا۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: