رجسٹرڈ مطوفین کے علاوہ کسی دوسرے کو اجازت نہیں کہ وہ عمرہ زائرین سے رقم حاصل کر کے طواف کرائے فوٹو اخبار 24
حرم مکی میں ادارہ امور طواف کی جانب سے غیر رجسٹرڈ مطوفین ( زائرین کو عمرہ کرانے والے ) کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ادارے کی جانب سے حرم مکی میں موجود مطوفین کی جانچ بھی شروع کردی گئی ہے۔
حرم مکی میں ادارہ امور مطوفین کے ڈائریکٹر فواز السلمی نے ویب اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ امور حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کو طواف کرانے والوں کوباقاعدہ اجازت لینا پڑتی ہے۔
رجسٹرڈ مطوفین کے علاوہ کسی دوسرے کو اجازت نہیں کہ وہ عمرہ زائرین سے رقم حاصل کر کے طواف کرائے۔
فواز السلمی کاکہنا تھا کہ’ادارہ امور مطوفین کی جانب سے ادارے کے کارکنوں نے عمرہ زائرین کو اہم مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔‘
واضح رہے کہ دنیا بھر سے لاکھوں عمرہ زائرین کی حرمین میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں وہ افراد جو ادارہ امور حرمین میں رجسٹرڈ مطوف نہیں ہوتے وہ بھی مخصوص لباس پہن کر مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کو طواف کرانے کے عوض رقم لے لیتے ہیں۔ ایسے افراد کو پکڑنے کے لیے ادارہ مطوفین کی جانب سے تفتیشی مہم شروع کی گئی ہے۔
ادارہ کی جانب سے رجسٹرڈ مطوفین کو کہا گیا ہے کہ وہ ادارے کی جانب سے جاری کردہ کارڈ لازمی طور پر آویزاں کریں تاکہ ان کی شناخت ممکن ہو سکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں