Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 دواﺅں کی آن لائن ترسیل پر پابندی کیوں؟

حکام کے مطابق پابندی ممنوعہ دوائیں منگوانے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے بعض دواﺅں اور طبی لوازمات کی آن لائن ترسیل پر پابندی عائد کردی ہے۔ اب کوئی بھی شخص اجازت نامے کے بغیر آن لائن یا بذریعہ پوسٹ دوائیں یا طبی لوازمات طلب نہیں کرسکتا ۔
یہ پابندی بعض اداروں اور افراد کی جانب سے ممنوعہ دوائیں منگوانے اور بھجوانے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

اب کوئی شخص اجازت نامے کے بغیر آن لائن دوائیں طلب نہیں کرسکتا، فوٹو: اخبار 24

الوطن اخبار کے مطابق سعودی ایف ڈی اے نے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اس پابندی پر عمل درآمد کے لیے خط بھی تحریر کر دیا ہے۔ اتھارٹی سے کہا گیا کہ سعودی ایف ڈی اے سے درآمد کی پیشگی منظوری کے بغیر غیر رجسٹرڈ دوائیں اور طبی لوازمات کی ترسیل میں کسی بھی طرح سے حصہ نہ لیا جائے۔
سعودی ایف ڈی اے کے مطابق دوا سازی کے اداروں سے متعلق قانون کے لائحہ عمل کی 28 ویں دفعہ میں غیر رجسٹرڈ دواﺅں اور طبی لوازمات کی درآمد اور ترسیل پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ یہ قانون ایوان شاہی نے جاری کر رکھا ہے اس کی پابندی کی جائے۔ 

سعودی عرب نے یہ پابندی غیر قانونی کاروبار سے روکنے کے لیے لگائی ہے، فائل فوٹو: عرب نیوز

بعض افراد اور ادارے مختلف دوائیں، جڑی بوٹیاں اور طبی لوازمات من گھڑت دعوﺅں کے ساتھ فروخت کر رہے ہیں۔ غیر قانونی کاروبار سے روکنے کے لیے یہ پابندی لگائی گئی ہے۔
غیر رجسٹرڈ دوائیں بنانے اور فروخت کرنے والے انٹرنیٹ یا ایکسپریس ڈاک کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ دواﺅں کی منظوری کے لیے مقررہ کارروائی سے بچے رہیں۔
سعودی ایف ڈی اے نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں دواﺅں اور طبی لوازمات کی منظوری کا باقاعدہ نظام اور طریقہ کارموجود ہے، جو لوگ یا ادارے اپنی دوائیں یا طبی لوازمات سعودی عرب بھیجنا چاہتے ہوں انہیں پہلے ان دواﺅں اور طبی لوازمات کا اندراج کرانا ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: