سینٹر کی اہلکار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آنے والی خواتین کا خیر مقدم کر تی ہیں۔ فوٹو سبق
سعودی وزارت داخلہ نے وومین یونیورسٹی نورة میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے اسپیشل سینٹر قائم کررکھا ہے جہاں خواتین ہی تعینات ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے اسنیپ چیٹ پر نورة یونیورسٹی کے لیڈیز ٹریفک سینٹر کی ایک وڈیو رپورٹ شیئر کی ہے۔ اس میں سینٹر کی اہلکار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آنے والی خواتین کا خیر مقدم کر تے،ٹریننگ کورس کے بعد خواتین کا امتحان لیتے اور کامیاب خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتے دکھائی گئی ہیں۔
ٹریفک سینٹر کی اہلکار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کی ا میدوار خواتین سے گاڑی بھی چلواتی ہیں۔ اسی بنیاد پر امیدوار خواتین کو لیڈیز ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹر بھیجا جاتا ہے۔ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والی خواتین کی استعداد کو دیکھ کر ہی طے کیا جاتا ہے کہ انہیں کتنے گھنٹے ،کتنے دن یا کتنے ہفتے کی ٹریننگ حاصل کرناہوگی۔
تربیت یافتہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنا بھی اہلکار خواتین ہی کے ذمہ ہے۔
لیڈیز ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹر میں مختلف شعبے ہیں۔ ایک شعبہ ایسا ہے جس میں ڈرائیونگ کرائی جاتی ہے۔ دوسرے شعبے میں سڑک پر چلنے کے ضوابط بتائے اور سکھائے جاتے ہیں۔
علاوہ ازیں گاڑی کی مشینری کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی جاتی ہے۔ کورس مکمل کرنے پر ان کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔