Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عثمان بزدار اپنے کاموں کی تشہیر کریں‘

عمران خان کے بقول ’عثمان بزدار پنجاب میں اچھے اقدامات کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے کاموں کی تشہیر نہیں کرتے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو اس وقت معیشت خراب تھی اور پاکستان نے 10 ارب ڈالرز قرضوں کی قسطوں کی صورت میں بھی واپس کرنا تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلے ہمیں خدشہ تھا کہ نہ جانے روپیہ کدھر جا کر رکے گا لیکن اب ملکی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے، تین چار ماہ سے روپے کی قدر میں بھی استحکام آیا ہے اور سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آ رہی ہے۔‘
لاہور میں کسانوں کو قرضے فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’عثمان بزدار پنجاب میں اچھے اقدامات کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے کاموں کی تشہیر نہیں کرتے۔‘
تقریب میں موجود وزیراعلیٰ پنجاب کو مُخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’آپ کو چاہیے کہ اپنے اچھے کاموں کی کچھ تشہیر بھی کیا کریں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’حکومت احساس پروگرام کے لیے 200 ارب روپے مختص کر رہی ہے۔‘

عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ایک بار پھر تعریف کی (فوٹو: پی آئی ڈی)

انہوں نے کہا کہ ’حکومت مستحق افراد، کسانوں اور نوجوانوں کو قرضے فراہم کرے گی اور اس مقصد کے لیے صحیح ڈیٹا بیس تیار کر رہے ہیں۔‘
عمران خان کے مطابق ’ہم غربت کی کمی کے لیے چین کے اقدامات کی طرف دیکھتے ہیں جس نے 70 کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: