Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پریمی جوڑے کی پولیس سٹیشن میں شادی

جوڑے کا کہنا ہے ’ہم ہمیشہ دیوبند پولیس کے مشکور رہیں گے‘ (فوٹو: شٹر سٹاک)
ویسے تو پولیس سٹیشنز عموماً جرائم میں ملوث افراد کی میزبانی کرتے ہیں لیکن انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے علاقے سہارنپور میں واقع دیوبند پولیس سٹیشن نے ایک پریمی جوڑے کی شادی کی میزبانی کی ہے۔
انڈین ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق علاقے کے ایک نوجوان عبدالمالک اور خوش نصیب نامی لڑکی آپس میں محبت کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے تاہم دونوں کے خاندان اس شادی کی سخت خلاف تھے۔
خاندانوں کے نہ ماننے پر پریمی جوڑے نے سہارنپور کے ایس ایس پی پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد پولیس نے ثالث کا کردار ادا کیا اور دونوں خاندانوں سے بات چیت شروع کی گئی۔
تاہم اس کے باوجود دونوں خاندان اپنے موقف پر قائم رہے اور شادی کی مخالفت ترک نہ کی۔
 
آخر کار ایس ایس پی سہارنپور نے فیصلہ کیا کہ اس جوڑے کا نکاح پولیس سٹیشن میں پڑھایا جائے گا۔
دیوبند پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او یاگدات شرما نے بتایا کہ ’پتھارن پور محلے کے رہائشی عبدالمالک اور گاندھی واد گاؤں کی ایک لڑکی خوش نصیب ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے۔ وہ دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن اپنے خاندانوں کی مخالفت کی وجہ سے شادی نہیں کر سکتے تھے۔ اس لیے پولیس نے ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ دونوں بالغ ہیں۔‘
اس جوڑے کا کہنا ہے کہ ’ہم ہمیشہ دیوبند پولیس کے مشکور رہیں گے کیونکہ انہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ یہ ایک انوکھی شادی تھی اور ہم اسے مدتوں یاد رکھیں گے۔‘
شادی کے لیے پولیس سٹیشن کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا اور قریبی علاقے کے کئی افرد اس غیر معمولی شادی کو دیکھنے کے لیے پولیس سٹیش میں جمع ہو گئے تھے۔

شیئر: