Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت، گھریلو عملے کی درآمد پر پابندی

فیصلہ وزارت خارجہ، صحت اور افرادی قوت کے ادارے کی درخواستوں پر کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کویتی وزارت داخلہ نے دو ایشیائی ممالک سمیت 25 افریقی ممالک سے گھریلو عملے کی درآمد بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سبق ویب سائٹ نے کویتی اخبار القبس کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے ماتحت محکمہ امور اقامہ نے ایشیا کے دو ملکوں انڈونیشیا اور بھوٹان اور افریقہ کے 25 ممالک سے گھریلو عملہ لانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ان افریقی ممالک میں مڈغاسکر، جبوتی، ایتھوپیا، کیمرون اور زمبابوے شامل ہیں۔
روسی خبررساں ادارے سپوٹنک کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے پابندی کا فیصلہ کویت کی وزارت خارجہ، وزارت صحت اور افرادی قوت کے ادارے کی درخواستوں پر کیا ہے۔

انڈونیشیا اور بھوٹان اور افریقہ کے 25 ممالک  پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ممنوعہ ممالک کی نئی فہرست جاری کر کے یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ ماضی میں جتنی فہرستیں جاری کی گئی تھیں وہ منسوخ کر دی گئی ہیں، اور اب نئی فہرست ہی مؤثر ہو گی۔
ماضی میں اریٹریا اور لائبیریا سے گھریلو عملے کی درآمد پر پابندی لگائی گئی تھی۔ نئی فہرست میں ان دونوں کا نام شامل نہیں ہے۔
آٹھ ممالک سے گھریلو عملے کی درآمد کی اجازت برقرار رکھی گئی ہے۔ ان میں جنوبی افریقہ، بنین، سینیگال، فلپائن، سری لنکا، انڈیا، ویتنام اور نیپال شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کویت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کا تہائی حصہ گھریلو عملے سے تعلق رکھتا ہے۔
2019 کی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر ان کی تعداد سات لاکھ 24 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی۔ ان میں تین لاکھ 54 ہزار مرد اور تین لاکھ 70 ہزار خواتین ہیں۔

شیئر: